1
0
Tuesday 3 May 2011 15:08

ایبٹ آباد کا ڈرامہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ہے،القاعدہ کو نقصان نہیں ہو گا، عسکری ماہرین

ایبٹ آباد کا ڈرامہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ہے،القاعدہ کو نقصان نہیں ہو گا، عسکری ماہرین
 لاہور،اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلح افواج کے سابق سربراہ جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے شبہ ظاہر کیا ہے اسامہ بن لادن کیخلاف آپریشن ایبٹ آباد میں نہیں افغانستان میں ہوا اور ایبٹ آباد والا ڈرامہ صرف پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے امریکہ نے کئی بار اسامہ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی، لیکن وہ سب بھونڈا مذاق ثابت ہوا۔ حقائق سامنے آنے تک اسامہ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرنا قبل از وقت ہو گا۔ اسامہ کے ہلاک ہونے سے القاعدہ کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ اس وقت اس کے سربراہ احمد الظواہری ہیں۔ 
مرزا اسلم بیگ نے کہا اسامہ زندہ ہو یا مردہ، امریکہ مخالف متھ کا نام ہے اور یہ متھ ٹوٹنے والی نہیں۔ اس سے امریکہ کیخلاف ردعمل اور بڑھے گا اور یہ سلسلہ اور جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امریکہ کی اسلام دشمنی ختم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا صدر اوباما نے تسلیم کیا ہے یہ کارروائی کئی روز سے جاری تھی اور ان سے رابطے میں جنرل کیانی نہیں، صدر زرداری اور رحمن ملک تھے۔ جنرل کیانی اور فوج پر امریکہ اعتماد کرنے کو تیار نہیں، اسامہ کو ٹارگٹ کرنے سے افغانستان میں امریکہ کی گرفت مضبوط نہیں کمزور ہو گی، یہ کہنا کہ آئی ایس آئی کے سیف ہاﺅس میں اسامہ ہلاک ہوئے سراسر جھوٹ ہے۔پاکستان کو غیرمحفوظ بنانے میں پاکستان کا ایوان صدر اور وزارت داخلہ سرگرم ہے جو براہ راست امریکنز کی ہدایات اور ڈکٹیشن پر کام کر رہی ہے۔ واقعتاً اسامہ ہلاک ہو گئے ہیں تو پھر افغانستان میں امریکہ کے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا۔ 
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حمید گل نے کہا امریکہ پاکستان کو غیرمستحکم کر کے نیوکلیئر اثاثے حاصل کرنا چاہتا ہے جبکہ اسامہ بن لادن کے ہلاک ہونے کے بعد پاکستان سمیت تمام اسلامک ممالک میں فوری ردعمل دیکھنے میں آئے گا۔ یہ جاننے کی اشد ضرورت ہے امریکی ہیلی کاپٹر کہاں سے اڑا اور پاکستان نے امریکہ کو اس آپریشن میں کتنی معاونت کی۔ پاکستان کے لئے آنے والے حالات مشکل ہوں گے، لہذا حکومت عوام اور فوج کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ اب پاکستان کو غیرمستحکم اور ایٹمی اثاثہ جات کو چھیننے کی کوشش تیز کی جائے گی۔ اسامہ کی جو فوٹیج سامنے آئی ہے اس میں تو وہ نوجوان لگ رہے ہیں اس لئے اس کی تصدیق کرنا فی الحال محال ہو گا کہ اسامہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ نے کہا کہ امریکہ کے ہیلی کاپٹرز نے پاکستان سے اڑ کر یہ کارروائی کی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے پاکستان میں امریکہ کے ہیلی کاپٹرز اور فورس بھی موجود ہے اور تربیلا غازی کے اندر امریکی ہیلی کاپٹرز بیس کی خبریں درست ثابت ہوئی ہیں۔
 جنرل (ر) عبدالقیوم خان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسامہ کا جاں بحق ہونا امریکی صدر اور حکومت کے لئے بڑی کامیابی ہے اور اب امریکہ کو گرتی ہوئی حیثیت درست کرنے میں مدد ملے گی۔ دفاعی تجزیہ نگار حسن عسکری نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا پاکستان پر مسلسل عالمی دباﺅ جاری رہے گا کیونکہ عالمی برادری یہ کہتی رہی ہے کہ اس طرح کے عناصر پاکستان میں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 69559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
Very Good Answer
ہماری پیشکش