0
Wednesday 4 May 2011 00:35

امریکی کارروائی سے متعلق پاکستان کو پیشگی اطلاع نہیں تھی، دفتر خارجہ

امریکی کارروائی سے متعلق پاکستان کو پیشگی اطلاع نہیں تھی، دفتر خارجہ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی کارروائی کے بارے میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کو پیشگی اطلاع نہیں تھی۔ دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسامہ بن لادن کی موت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ہے۔ ایبٹ آباد اور گرد و نواح پر دو ہزار تین سے انٹیلی جنس اداروں کی نظر تھی۔ جہاں تک اسامہ کے کمپاؤنڈ کا تعلق ہے تو آئی ایس آئی دو ہزار نو کے بعد سی آئی اے اور دیگر دوست ایجنسیوں سے معلومات شیئر کرتی رہی ہے۔ سی آئی اے نے آئی ایس آئی کی فراہم کردہ معلومات سے فائدہ اٹھایا۔ دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹروں کی غازی بیس سے پرواز کی خبریں قطعی بے بنیاد ہیں۔ امریکی فورسز کو پاکستان کے اندر کسی بھی بیس پر ایسی سہولت دستیاب نہیں اور نہ ہی پاک فوج نے اس طرح کی کارروائی کے لیے آپریشنل یا لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔
 دفتر خارجہ کے مطابق ایبٹ آباد اور گردو نواح کی پہاڑیوں کی وجہ سے امریکی ہیلی کاپٹرز نظر میں نہیں آئے۔ پاکستانی حدود میں غیر ملکی ہیلی کاپٹروں کی اطلاع ملتے ہیں پاک فضائیہ کے طیارے فضا میں بلند ہو گئے۔ حکومت پاکستان نے اپنی حدود میں امریکی کارروائی پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق کوئی اور ملک اس طرح کی غیرقانونی کارروائی کو بطور مثال استعمال نہیں کر سکتا۔ اس طرح کی کارروائی سے تعاون متاثر ہو سکتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسامہ بن لادن کے اہل خانہ حفاظتی تحویل میں ہیں۔ ان میں سے بعض کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پالیسی کے مطابق انہیں ان کے ملکوں کے حوالے کیا جائیگا۔
 تجزیہ کاروں میں یہ بحث بھی شروع ہو چکی ہے کہ اگر پاکستان کی ایجنسیاں اور سیکورٹی اداروں اور دفاعی سسٹم چلانے والوں کو امریکی کارروائی کا پتہ نہیں چلا تو یہ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ ملکی ایچنسیاں ملک دفاع کو یقینی بنانے میں ناکام ہیں۔ کیونکہ امریکہ کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان کے آپریشن سے لیکر ہیلی کاپٹروں کے افغانستان پہنچنے تک پاکستان کے دفاعی سٹسم کو اس بات کا پتہ نہیں چلا کہ ابیٹ آباد میں کیا ہوا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا قوم کو اعتماد میں لئے بغیر فرانس چلے جانا ملکی معاملات سے چشم ہوشی کی انتہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 69654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش