0
Friday 19 Jan 2018 19:23

ایم ڈبلیو ایم کراچی کا قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) شفیع کے اعزاز میں عشائیہ

ایم ڈبلیو ایم کراچی کا قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) شفیع کے اعزاز میں عشائیہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما اسلامی تحریک پاکستان کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔ تقریب عشائیہ میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی مہدی عابدی، صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری سمیت دیگر ارکین ڈویژنل کابینہ اور ضلعی سیکریٹری جنرلز نے شرکت کی، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کو نہج البلاغہ اور پھولوں کا گلدستہ تحفے میں پیش کیا گیا، کیپٹن(ر) محمد شفیع نے عشائیہ کے انعقاد اور جذبہ خیر سگالی پر ایم ڈبلیو ایم کا خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دینا ناگزیر ہوچکا ہے، گذشتہ ستر برس سے گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد کررہے ہیں، حکمرانوں کو سوچنا چاہیئے کہ دنیا بھر میں مختلف قومیں علیحدگی کا نعرہ لگاتی آئی ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان میں شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، این ایل آئی اور دیگر سیکورٹی اداروں میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی قوم کو پاکستانی شناخت دینے میں پس و پیش سمجھ سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان کے باوفا فرزندوں کو آئینی تشخص سمیت سی پیک میں جائز حق دینا حکمرانوں اور مقتدر اداروں کی اولین ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جاسکتا، ن لیگی وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن خطے میں فرقہ واریت اور مذہبی تعصب کو ہوا دینے میں مصروف ہیں، انہیں عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول سے کوئی دلچسپی نہیں، حالیہ اینٹی ٹیکس موومنٹ میں بھی وہ صوبے سے فرار ہوکر اسلام آباد میں روپوش ہوگئے تھے، کیپٹن (ر) محمد شفیع کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں، امید ہے وہ ایوان میں اپوزیشن جماعتوں اور ان کے کارکنان اور ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد میں مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں بحیثیت قائد حزب اختلاف میرے انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کا کردار کسی صورت اسلامی تحریک پاکستان سے کم نہیں ہے، ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اسمبلی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجھے اپنے قیمتی ووٹ دیکر اپوزیشن لیڈر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، میں ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک کو اپنے دو بازو سمجھتا ہوں، انشاء اللہ ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک مل کر گلگت بلتستان اسمبلی کے اندر اور باہر خطے کے غصب شدہ حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، آئینی شناخت اور پاک چین اقتصادری راہداری منصوبے میں اپنے جائز حق کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے، نشان حیدر کی حامل گلگت بلتستان کی قوم کی حب الوطنی پر شک کرنے والے کسی صورت پاکستان کے مخلص نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دے کر سی پیک منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ بھارت کی جانب سے جاری منفی پروپگینڈے کا بھی خاتمہ ممکن ہو۔ میری پوری خواہش ہوگی کہ آئندہ انتخابات میں دونوں قومی و ملی جماعتیں مشترکہ سیاسی حکمت عملی مرتب کرکے سیاسی میدان میں وارد ہوں اور مل کر حکومت سازی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی محبتوں اور الفتوں کا میں دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے گلگت، اسکردو، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی جانب سے جو پزیرائی اور محبت ملی ہے اسے فراموش نہیں کرسکتا۔
خبر کا کوڈ : 698203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش