0
Saturday 27 Jan 2018 00:18

جمہوریت ہمارے لوگوں کے تحفظات کا بہترین حل ہے، صدر جوکو وڈوڈو

جمہوریت ہمارے لوگوں کے تحفظات کا بہترین حل ہے، صدر جوکو وڈوڈو
اسلام ٹائمز۔ انڈونیشیا کےصدر جوکو وڈوڈو نےکہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات دوستی سے بڑھ کر ہیں، جمہوریت ہمارے لوگوں کے تحفظات کا بہترین حل ہے۔ پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے سے خطاب کے دوران انڈونیشیا کے صدر نے کہا کہ تنازعات اور جنگوں سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا۔ جوکو وڈوڈو نے ایوان میں موجود تمام ارکان پارلیمنٹ سے فرد اً فرداً نشستوں پر جاکر مصافحہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاکستان سے تعلقات دوستی اور ہم آہنگی سے بڑھ کر ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈونیشیا مسلم آبادی والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، جہاں مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی آباد ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہماری آزادی کی حمایت کی تھی۔ انڈونیشیا کے صدر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی طرح انڈونیشیا بھی عالمی امن کے لیے پرعزم ہے، ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارہ ہمارا نصب العین ہے، پاکستان کی طرح فلسطین کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور ہم آسیان فورم کے ذریعے خطے کی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو کے خطاب سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مجلس شوریٰ، پارلیمنٹ اور پاکستان کی طرف سے مہمان صدر کے لیے خیر مقدمی کلمات کہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کا دورہ اور پارلیمنٹ سے خطاب ہمارے لیے انتہائی تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہ ایوان دنیا کی سب سے بڑی مسلمان آبادی والے ملک کے منتخب صدر کی موجودگی پر شاداں ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ 20 کروڑ عوام کے نمائندے کی حیثیت سے پارلیمنٹ آپ کی موجودگی پر فخر کرتی ہے، دونوں اقوام گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی لڑی میں پروئی ہوئی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہی جنوبی ایشیا میں تنازعات کا بنیادی سبب رہا ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا منصفانہ، پُرامن حل درکار ہے۔ اس سے قبل انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو صدر ممنون حسین نے ان کا استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 699967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش