0
Tuesday 13 Feb 2018 20:09

خیبر پی کے، حالیہ بارشوں کے باعث مکانات گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی

خیبر پی کے، حالیہ بارشوں کے باعث مکانات گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا میں طویل خشک سالی کے بعد اگر ایک طرف بارشوں کی حالیہ لڑی رواں دواں ہے تو دوسری جانب صوبے کے مختلف علاقوں میں مکانات گرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں اب تک پانچ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مکان گرنے کی تازہ ترین اطلاع دیر لوئر کے منڈا نامی علاقے سے موصول ہوئی ہے جہاں مکان کے ملبہ تلے دب جانے سے گل بادشاہ نامی شخص کی اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی جاں بحق ہو گئی ہیں۔ قدرتی آفات کے وقت صوبے کے انتظامی ادارے کے مطابق پشاور صدر کے علاقہ لعل کُرتی میں علی الصبح مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق جبکہ والدہ اور ایک بیٹا شدید زخمی ہوئے تھے۔ دریں اثناء ضلع نوشہرہ کے علاقہ مصری بانڈہ میں بارش کے باعث رفائت نامی شخص کے کچے مکان کی چھت گرنے سے جوانسال لڑکی آمنہ جاں بحق جبکہ اس کی دو کمسن بہنیں اور والدہ زخمی ہوگئی تھیں۔ اسی طرح مردان کے ڈھیری باغیچہ میں بھی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ اس کے والدین زخمی ہوئے تھے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام اضلاع کی انتظامیہ کو مستعد رہنے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ دوسری جانب پشاور سمیت صوبے اور فاٹا کے میدانی علاقوں میں بارش ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 704624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش