0
Wednesday 21 Feb 2018 20:57

پنجاب کمپنیز سکینڈل کیس، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ گرفتار

پنجاب کمپنیز سکینڈل کیس، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ گرفتار
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احد چیمہ کو آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے باعث گرفتار کیا گیا ہے اور یہ گرفتاری لاہور میں ایم ایم عالم روڈ پر واقعہ دفتر سے عمل میں لائی گئی۔ واضح رہے کہ سابق ڈی جی ایل ڈے اے احد چیمہ کو نیب لاہور نے دو مرتبہ طلب کیا تو وہ پیش ہو گئے، مگر تیسری مرتبہ طلب کرنے پر وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد نیب نے آرڈیننس کے شیڈول 2 کے مطابق کارروائی کرنے کا کہا تھا اور آج انہیں ایم ایم عالم روڈ پر واقعہ پنجاب پاور کمپنی کے دفتر سے گرفتار کر کے نیب دفتر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سینئر صحافی ارشد شریف نے احد چیمہ کی گرفتاری پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اس کیس کے تانے بانے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملیں گے کیونکہ یہ شہباز شریف کے فرنٹ مین سمجھے جاتے ہیں۔ سینئر صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ احد چیمہ شہباز شریف کے ’فواد حسن فواد‘ تھے یعنی وہ شہباز شریف کے انتہائی قریب ہیں بلکہ وہ خواجہ سعد رفیق کے بھی انتہائی قریب ہیں، جتنا بھی بلڈر مافیا شہباز شریف کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ان کے عینی شاہد ہیں اور مستقبل میں ان کا سلطانی گواہ بن جانے کا مکان ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ امکان ہے احد چیمہ سلطانی گواہ بن جائیں گے اور پھر گرفتاری کی اگلی باری فواد حسن فواد کی آئے گی اور پھر شہباز شریف بھی گرفتار ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 706616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش