0
Sunday 25 Feb 2018 14:25

پشاور، افتتاح کے بعد عوام 2 مہینے تک رپیڈ بس میں مفت سفر کرینگے

پشاور، افتتاح کے بعد عوام 2 مہینے تک رپیڈ بس میں مفت سفر کرینگے
اسلام ٹائمز۔ ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے میں صوبائی حکومت کو مالی تعاون کرنے والے ایشیائی ترقیاتی بینک نے منصوبے کی تکمیل کے بعد عوام کو اِن بسوں میں 2 مہینوں تک مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایشائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ کے افتتاح پر 2 مہینے تک اہل پشاور کو سفری سہولیات مفت مہیا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا، جس کے تحت بینک بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کمپنی ٹرانس پشاور کو الگ سبسڈی دے گی اور پشاور کے شہری 2 مہینوں تک رپیڈ بس میں مفت سفر کرسکیں گے۔ وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں بی آر ٹی کے مختلف روٹس کے ڈیزائن اور بسوں کے شیڈول سے متعلق اجلاس زیر صدارت وزیراعلٰی منعقد ہوا جس میں منصوبے کے بڑے مالی ادارے ایشائی ترقیاتی بینک اور منصوبے کیلئے قرضہ مہیا کرنے والی ایک دوسری فرانسیسی ایجنسی اے ایف سی کے نمائندوں، سینئر وزیر برائے بلدیات عنایت اﷲ، وزیراعلٰی کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، وزیراعلٰی کمپلینٹ سیل کے چیئرمین حاجی دلروز خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ ہائے خزانہ، ٹرانسپورٹ اور منصوبہ بندی کے سیکرٹریوں، ایس ایس یو سربراہ، ڈی آئی جی ٹریفک، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈی جی پی ڈی اے، چیف ایگزیکٹیو ٹرانس پشاور اور ٹرانسپورٹ فراہمی و سکریپ انڈسٹری کے دیگر حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔

شرکاء نے منصوبے کے ڈیزائن میں مطلوبہ ردوبدل کے بعد اس کی حتمی منظوری دی اور منصوبے کے مین روٹ کی تکمیل کے فوری بعد ریپیڈ بسز کی فراہمی اور اگلے مرحلے میں پرانی بسوں کی سکریپنگ کے عمل سے متعلق انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے معمولی ردو بدل اور نظرثانی کے بعد ڈیزائن کی حتمی منظوری سے پشاور ریپڈ بس ٹرنزاٹ پر کام زیادہ تیزی سے شروع اور وقت سے پہلے مکمل کردیا جائے گا۔ اس طرح پچھلے چند روز کے سست رفتار کام کی کسر منصوبے کے تمام حصوں پر دن رات کام کے ذریعے پوری کردی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ منصوبے کے تمام ریچز اور دیگر حصوں میں درپیش فنی مسائل بھی حل کردیئے گئے ہیں، جس کی بدولت اب مین روٹ کے گرد جرسی بیریر اور جنگلوں کی بھرائی کا کام بھی فوری شروع کرکے تیز رفتاری سے مکمل بھی کردیا جائے گا۔ انہوں نے منصوبے کیلئے بسز فراہم کرنے والی کمپنی کو شیڈول کے مطابق 100 جدید بسوں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی کیونکہ کام میں تیزی کی وجہ سے منصوبے کی جلد تکمیل ہونے کو ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بی آر ٹی کے مین روٹ پر پرانی بسوں کو سکریپ اور تلف کرنے کا کام اُس وقت شروع کیا جائے جب مین روٹ پر جدید بسوں کا افتتاح ہو جائے اور شہری اس سے مستفید ہونا شروع ہوں۔ وزیراعلٰی نے بس مالکان کو پرانی بسوں کے معاوضے اور الاونسز کی ادائیگی کا شیڈول مشتہر کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس سہولت کا سب ٹرانسپورٹرز اور ملازمین کو علم ہو اور اس سہولت کا غلط فائدہ نہ اُٹھایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی کو بتایا گیا کہ پہلے دو ہفتوں کے دوران رپیڈ بسوں کی آمد کے ساتھ ہی اندرون شہر 7 روٹس کو دو گنا کردیا جائے گا اور شہر میں غیر قانونی روٹس کا خاتمہ کرکے اندرون و بیرون شہر تمام بڑے رہائشی اور تجارتی علاقوں اور قصبوں و دیہات کیلئے بھی باضابطہ روٹ مقرر کردیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نئے روٹ پرمٹ بھی جاری کئے جائیں گے جس سے سفری سہولیات میں اضافے کیلئے روٹ پرمٹس کی مد میں اضافی آمدن بھی ہوگی۔ اسی طرح تمام روٹ پرمٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے باضابطہ بنا دیئے جائیں گے اور موثر نگرانی کی وجہ سے روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیاں بھی ناممکن بنا دی جائیں گی۔ اندرون شہر ریپڈ بسوں کے علاوہ دیگر تمام مسافر گاڑیوں کو جدید بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ مینجمنٹ اینڈ سکریپنگ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جس میں ٹرانس پشاور، کمشنر و ڈپٹی کمشنر، ایکسائز و ٹیکسیشن، موٹر وہیکل ایگزامنر، وہیکل امیشن ٹیسٹنگ سنٹر اور ماحولیات کے افسران شامل کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 707380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش