0
Tuesday 20 Mar 2018 12:50

پشاور، 1 ہی خاندان کے 5 افراد کا لرزہ خیز قتل

پشاور، 1 ہی خاندان کے 5 افراد کا لرزہ خیز قتل
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے نواحی علاقہ چمکنی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ قتل کئے گئے افراد میں 2 بچے، 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہے۔ تھانہ چمکنی کے سب انسپکٹر سجاد خان کے مطابق ترناب فارم لالا کلے کے رہائشی اورنگزیب ولد ایوب خان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے کے قریب فائرنگ کی آواز سُن کر وہ اپنے بھتیجے یحیٰی ولد ذکریا کے گھر آیا تو وہاں یحیٰی، اس کی 26 اہلیہ سالہ کائنات، 2 سالہ بیٹے شعیب، 5 سالہ ذوہیب اور سالی 17 سالہ ایشا دختر فقیر حسین کی قتل شدہ لاشیں پڑی تھی۔ اورنگزیب نے مزید بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت نہیں ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) چمکنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ واردات میں 9 ایم ایم پستول استعمال ہوا ہے اور تمام افراد کو سروں میں ایک ایک گولی ماری گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر حملہ آور ایک ہی تھا کیونکہ جائے وقوعہ سے ملنے والی گولیوں کے خول ایک ہی پستول سے فائر کئے گئے لگتے ہیں، جبکہ ملزم واردات کے بعد مکان کے عقب میں واقعے راستے سے فرار ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی کا نہیں لگتا کیونکہ مقتول یحیٰی ایک غریب شخص تھا اور پشاور یونیورسٹی میں درجہ چہارم کا ملازم تھا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور سراغ رساں کتوں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تھی جنہوں نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں اور مقدمہ درج کرکے مختلف ذاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے 5 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کیپٹل پولیس آفیسر (سی سی پی او) سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہیں کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کرنے اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔
خبر کا کوڈ : 712764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش