0
Friday 27 Apr 2018 20:30

کراچی میں بجلی و پانی کی بندش کیخلاف جماعت اسلامی کی جزوی ہڑتال

کراچی میں بجلی و پانی کی بندش کیخلاف جماعت اسلامی کی جزوی ہڑتال
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں بجلی و پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے آج بروز جمعہ ہڑتال کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے کراچی میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پانی کی عدم فراہمی اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کی۔ جزوی ہڑتال اور احتجاج کے دوران جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شہر کے کئی علاقوں میں دھرنے دیئے، جبکہ متعدد مقامات پر کارکنان نے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش بھی کی۔ ہڑتال اور دھرنوں کے باعث سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معمول سے قدرے کم رہی، جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بعد نماز جمعہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ناجائز بلنگ اور لوڈ شیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے، جب کہ وزیر اعظم نے کے الیکٹرک کی حمایت کی، شہر میں پانی کی بدترین صورتحال ہے اور ایک کروڑ افراد ایک ماہ سے پانی سے محروم ہیں، واٹر بورڈ کا پورا سسٹم سیاسی بھرتیوں سے برباد ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال شہریوں کا جمہوری حق ہے، اس شہر میں ماضی میں ہڑتالوں میں لوگ مارے جاتے تھے، ہم نے پُرامن ہڑتال کا نیا سیاسی کلچر متعارف کرایا ہے، ہڑتال کو کامیاب بنانے پر جماعت اسلامی کے کارکنان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کی جان کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، ہم اس احتجاج کے دائرے کو وسیع کرنے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 720890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش