0
Saturday 27 Jun 2009 13:32

آزاد کشمیر میں پہلا خودکش دھماکا،3 اہلکار شہید،شمالی وزیرستان میں بم حملہ،4 جوان جاں بحق

آزاد کشمیر میں پہلا خودکش دھماکا،3 اہلکار شہید،شمالی وزیرستان میں بم حملہ،4 جوان جاں بحق
 مظفرآباد،پشاور: آزاد کشمیر میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین فوجی جوان شہید ہو گئے ۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں گزشتہ رات پاک فضائیہ نے جنگجوؤں کے مشتبہ ٹھکانوں اور بیت اللہ محسود کے اہم مرکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 25شدت پسند مارے گئے اور اہم مرکز منہدم ہو گیا جبکہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں چار اہلکار شہید اور 18زخمی ہو گئے۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث ایجنسی کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ طالبان نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مظفر آباد کے علاقے شوکت لائن میں آرمی پبلک اسکول کے قریب خودکش حملہ آور نے آرمی بارک کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو فوجی جوان موقع پر جاں بحق اور چار شدید زخمی ہو گئے۔ خودکش دھماکہ صبح ساڑھے چھ بجے ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں سے باہر نکال آئے اور دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے دھماکے کے بعد گردو غبار سے فضا آلودہ ہو گئی۔ پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک ثناء اللہ اور سپاہی غلام مصطفیٰ شامل ہیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ مظفر آباد داخل کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کی صبح ہونے والا دھماکہ آزاد کشمیر  پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے جاری دہشت گردی کے واقعات میں پہلا خودکش دھماکہ تھا خودکش دھماکے کے بعد آزاد کشمیر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جمعہ کے روز ہونے والے خودکش حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کے امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا دھماکہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔دریں اثناء آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق سوات میں شدت پسندوں کے خلاف فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ کبل اور رنگیلا میں فورسز اپنی پوزیشنیں مستحکم کر لی ہیں جبکہ جھڑپوں میں ایک جوان زخمی ہوا ہے۔ فورسز نے خانزادہ ،تانگڑ،برطانا،جنگکوٹ اور بدیرا گاؤں کو شدت پسندوں سے محفوظ بناتے ہوئے کارروائیوں میں دو دہشت گردی گرفتار جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔ باغ ڈیری اور شکرہ میں جھڑپوں کے دوران ایک جوان زخمی ہوا۔ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ فوج کی جانب سے مینگورہ شہر میں سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا جبکہ متاثرین آپریشن میں پانچ ٹرکوں پر مشتمل امدادی اشیاء بھی تقسیم کی گئی ۔

خبر کا کوڈ : 7249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش