0
Tuesday 17 May 2011 12:30

امداد بند کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم گیلانی کو فون

امداد بند کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم گیلانی کو فون
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ کیری لوگر بل کے تحت پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد بند کئے جانے کے بارے میں ذرائع ابلاغ کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی اور آرمی چیف جنرل کیانی کی سینیٹر جان کیری سے مشترکہ ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے وزیراعظم گیلانی کو ٹیلیفون کیا۔ وزیراعظم امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو کے لئے میٹنگ سے باہر گئے اور تقریباً 20 منٹ تک ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیراعظم گیلانی نے امریکی وزیر خارجہ کو سینیٹر جان کیری سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں آگا ہ کیا۔ 
دو مئی کے آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس واقعہ نے بہت سی غلط فہمیوں اور بداعتمادی کو جنم دیا ہے۔ امریکا کی جانب سے آنے والے پیغامات سے دوطرفہ تعلقات متاثر ہوئے ہیں اس بےاعتمادی کو ختم کیا جائے۔ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ میں آپ کے دورہ پاکستان کا منتظر ہوں جس کے جواب میں ہلیری کلنٹن نے کہا کہ گراس مین اور ڈپٹی ڈائریکٹر سی آئی اے مارک مورل جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور توقع ہے کہ اس دورے سے بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ہلیری کلنٹن نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ امریکا پاکستان کیساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے اور ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھے گا۔ 
ہلیری کلنٹن نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کی قربانیوں کا احترام بھی کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ امریکہ نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کیخلاف یکطرفہ آپریشن کیا، جس پر پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے امریکہ کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے۔









خبر کا کوڈ : 72504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش