0
Tuesday 29 May 2018 13:24

پاکستان کو ہمیشہ قوم ومذہب کی بنیاد پر تقسیم رکھا گیا، جام کمال خان

پاکستان کو ہمیشہ قوم ومذہب کی بنیاد پر تقسیم رکھا گیا، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر مملکت میر جام کمال عالیانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو 70 سالوں سے رنگ ونسل، قوم ومذہب کے نام پر تقسیم رکھا گیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم قوم کی طرح ترقی کے لئے کردار ادا کریں۔ ایٹم بم پاکستان کے دفاع کا ناقابل تسخیر جز ہے۔ بلوچستان کو تعلیم کی ضرورت ہے۔ پڑھا لکھا طبقہ صوبے میں تبدیلی لا سکتا ہے۔ عوام اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ انہوں نے یہ بات یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میر جام کمال نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں اہم دن ہے۔ قوموں کے تحفظ میں معیشت، دفاع، تعلیم اور توانائی کا اہم کردار ہے۔ جدید دنیا میں قوموں کی ترقی کے لئے اعلٰی اور جدید تعلیم انتہائی اہم ہے۔ ایٹم بم کی وجہ سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا ہے۔ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ یہاں زرعی آمدن کے مواقعے موجود ہیں اور یہاں پر مصنوعات کی مانگ بھی ہے، لیکن اگر آبادی کو صحیح سمت میں نہیں لے کر جایا جاتا تو اس کے نقصانات ہوں گے۔

ہمیں اپنی ضروریات کے مطابق اپنی سمت کا تعین کرنا ہے اور اسی حساب سے بجٹ میں ترجیحات شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ رنگ، نسل، قوم صرف پہچان کے لئے رکھے گئے ہیں، لیکن اس سے ہمیں بہت نقصان بھی ہوا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنا ووٹ اپنی ضروریات کے مطابق دیں، تاکہ عوام کی زندگی میں بہتری آسکے۔ تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ممکن ہے۔ مسائل عوام کے ہیں، عوام کو انہیں سنجیدہ لینا ہوگا۔ پڑھے لکھے طبقے کو آگے آکر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ جس دن کوئٹہ یا کسی اور حلقے کا ایم پی اے 40 ہزار ووٹ لیکر کامیاب ہوگا، وہ مجبور ہوگا کہ کام کریں۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان کے کندھوں پر ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 728099
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش