0
Tuesday 12 Jun 2018 12:58

خیبر پختونخوا، آئی جی پولیس کیطرف سے چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے سخت ہدایات جاری

خیبر پختونخوا، آئی جی پولیس کیطرف سے چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے سخت ہدایات جاری
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین محسود نے صوبہ بھر کے تمام ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس آفیسرز کو چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلہ میں جاری ہونے والے ایک حکم نامے میں آئی جی پی نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب ہمیں امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے، جبکہ ہوائی فائرنگ ایک غیر اسلامی اور غیر قانونی فعل ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ بلا اشتعال ہوائی فائرنگ سے نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے بلکہ اس سے پُر امن عوام میں خوف و ہراس بھی پیدا ہوتا ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ معاشرے کی بقا اور بہتری اسی میں ہے کہ ہم معاشرے سے ہوائی فائرنگ جیسی لعنت کا خاتمہ کریں، کیونکہ اندھی گولی کسی کا گھر اُجاڑ سکتی ہے اور کسی کو تمام عمر کا روگ دے جاتی ہے۔

حکم نامے میں پولیس حکام کو یاد دلایا ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، اس لئے وہ بالخصوص چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ جیسی سماجی لعنت کے تدارک کیلئے اپنا پیشہ ورانہ کردار بھر پور طریقے سے ادا کریں اور اس سلسلے میں عوام، سیاسی و سماجی تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھ کر اپنے اپنے علاقوں میں خصوصی مہم چلائیں اور عوام میں ہوائی فائرنگ جیسی جان لیوا رسم کے مضمرات کے خلاف شعوراُجاگر کریں۔ انہیں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کریں۔ حکم نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ جس پولیس آفیسر کے علاقے سے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ ایس ڈی پی اُوز اور ایس ایچ اُوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 731175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش