0
Monday 23 May 2011 19:00

پی این ایس مہران حملہ،دس اہلکار شہید،15 زخمی،رحمان ملک، بیس کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا، ترجمان پاک بحریہ

پی این ایس مہران حملہ،دس اہلکار شہید،15 زخمی،رحمان ملک، بیس کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا، ترجمان پاک بحریہ
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پی این ایس مہران حملے میں دس اہلکار شہید اور پندرہ زخمی ہو گئے جبکہ چاروں حملہ آور مارے گئے۔ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جدید اسلحہ سے لیس چھ سے سات دہشت گرد ملیرندی کے علاقے سے دیوار کاٹ کر بیس کے اندر داخل ہوئے، جن کی عمریں بیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں۔ دہشت گردوں کا پہلا نشانہ پی تھری سی اورین طیارہ تھا، جہاں لیفٹننٹ یاسر نے اپنی جان کی قربانی دے کر دہشت گردوں کا راستہ روکا اور کئی جہازوں کو تباہی سے بچایا، آپریشن میں نیوی اور رینجرز کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
رحمان ملک کے مطابق حملے کے وقت بیس میں گیارہ چائنیز اور چھ امریکی ماہرین موجود تھے جو یہاں تربیت فراہم کر رہے تھے اور یہ سب لوگ خیریت سے ہیں، حملہ آوروں نے کسی کو یر غمال نہیں بنایا۔ آپریشن کے دوران کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا، جس کی زد میں آ کر دوسرا حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔ دھماکے سے عمارت کو نقصان پہنچا، جس کے ملبے میں ایک دہشت گرد کی لاش دبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ کی ہلاکت کے بعد وزیرستان میں دہشت گردوں کا ایک اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کے اداروں کے خلاف حکمت عملی ترتیب دی گئی تھی اور یہ حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق دہشت گردوں کا واحد مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے اور یہ بات قوم اور اس معاملے پر سیاست چمکانے والوں کو اچھی طرح سمجھنی ہو گی، ملک کے دشمنوں کے لئے قرآن خوانی کی جاتی ہے، خدارا ملک کے دشمنوں کو پہچانیئے اور پاکستان کو بچایئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ طالبان ملک کے دشمن ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ادھر پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بحریہ مہران بیس کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے اور مہران بیس اب پاک بحریہ کے مکمل آپریشنل کنٹرول میں ہے۔ اسلام آباد میں ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں 10 اہلکار شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں 8 نیوی، اور 2 رینجرز اہلکار شامل ہیں جبکہ کل 20 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں 18 نیوی اور 2 رینجرز اہلکار شامل ہیں۔

خبر کا کوڈ : 73939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش