0
Wednesday 8 Aug 2018 18:02

ڈی آئی خان، ڈی پی او سے مذاکرات کامیاب، احتجاجی دھرنا ختم

ڈی آئی خان، ڈی پی او سے مذاکرات کامیاب، احتجاجی دھرنا ختم
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا میں تین شہریوں کے قتل کے خلاف کیا جانے والا احتجاج انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد پرامن طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ ورثاء کی جانب سے شہداء کی نماز جنازہ شام 7 بجے ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ قریشی موڑ کے نزدیک انڈس ہائی وے پہ ہونیوالا احتجاج ڈی پی او سے مذاکرات کے بعد ختم کیا گیا۔ اہل تشیع کمیونٹی کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماؤں سید اسد زیدی اور مولانا اظہر ندیم نے ڈی پی او ڈیرہ سے مذاکرات کئے۔ دن بھر جاری رہنے والا احتجاجی دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کیا گیا۔ جس میں ڈی پی او ڈیرہ نے دھرنے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آپ تمام افراد کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔ ہم روزانہ کی بنیاد پہ آپ کو ان کیسز میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق آگاہ کریں گے۔ علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے علاقے بھر میں مشکوک افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے اور کئی افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ جلد ہی بڑی کامیابی ملنے کا امکان ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگ ہمارے ساتھ تعاون کریں، ہم ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں، عوامی تعاون کے بغیر دہشتگردی کو ختم نہیں کیا جاسکتا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر ساتھ چلنا ہوگا۔ دھرنے کے شرکاء سے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ احتجاجی دھرنے کے بعد انڈس ہائی وے پہ آمدورفت بحال کر دی گئی ہے، جبکہ شہداء کی متیں ان کے گھروں میں منتقل کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ آج ڈی آئی کی تحصیل پروآ میں ٹارگٹ کلرز نے یکے بعد دیگرے تین مختلف مقامات پہ تین شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا، جس میں دو اہل تشیع باقر حسین اور حفاظت حسین شہید ہوئے جبکہ ایک شخص بریلوی مسلک سے تعلق رکھنے والا کالو خان شہید ہوا تھا۔ اہدافی قتل کے ان سانحات کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد نے انڈس ہائی وے پہ احتجاجی دھرنا دیا تھا۔ جو کہ انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 743322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش