0
Tuesday 14 Aug 2018 11:37

اقبال و جناح نے شدت پسند یا لیبرل ریاست کیلئے نہیں بلکہ اسلامی ریاست کیلئے جدوجہد کی تھی، آغا علی رضوی

اقبال و جناح نے شدت پسند یا لیبرل ریاست کیلئے نہیں بلکہ اسلامی ریاست کیلئے جدوجہد کی تھی، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر تمام محب وطن پاکستانیوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفکر اسلام علامہ محمد اقبال کے تصور پاکستان کو برصغیر کی بے لوث مسلم قیادت قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے عملی جامہ پہنایا۔ انکی کوششوں سے دنیا کے نقشے پر ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے طور پر ابھرا تاکہ قرآنی اصولوں کے مطابق ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہو، جہاں تمام مکاتب فکر اپنی تعلیمات کے مطابق زندگی کر سکیں۔ وطن عزیز کو وجود میں آنے سے روکنے کے لیے اس وقت کی تمام عالمی طاقتوں نے کوشش کی لیکن اللہ کی مدد سے جناح کی قیادت اور برصغیر کے عوام کے عزم و کوشش کے سبب پاکستان آزاد ہوا۔ آج ہم اگر آزادی کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں تو یہ پاکستان کے سبب ہے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ابھرتا ہوا ایک اسلامی ملک بنا تو دشمنوں نے اس سے روح نکالنے کی کوشش کی۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو کبھی لیبرلزم کی طرف لے جانے کی کوشش کی جو کہ اب بھی جاری ہے۔ دوسری طرف اس ملک کو شدت پسندی کی طرف دھکیلا گیا تاکہ اسلام کا چہرہ مسخ کیا جائے۔ اقبال و جناح کے پاکستان میں اس وطن کے حقیقی بیٹوں کے زمین تنگ کر دی گئی۔ اس وطن کے وفاداروں کو سزا دی گئی جو کہ اب بھی جاری ہے۔ عالمی طاقتوں نے روز اول سے پاکستان کی مخالفت کرنے والوں کو زمام اقتدار دلایا تاکہ مقصد حصول پاکستان فوت ہو جائے۔ لیکن اقبال و جناح کے پیروکاروں نے سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ آج پاکستان کے ہر شہری کو اقبال و جناح کے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اقبال و جناح کا پاکستان حقیقی اسلام کی ریاست ہے نہ کہ شدت پسند ریاست اور نہ لیبرل ریاست۔ وطن عزیز میں پاکستان مخالفین طاقتیں دم توڑ رہیں ہیں اور حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے لیے مزید قربانیاں درکار ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 744517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش