0
Sunday 19 Aug 2018 18:03

سندھ کابینہ میں شامل 8 وزراء نے حلف اٹھا لیا، 2 مشیروں کا نوٹیفکیشن کل جاری ہوگا

سندھ کابینہ میں شامل 8 وزراء نے حلف اٹھا لیا، 2 مشیروں کا نوٹیفکیشن کل جاری ہوگا
اسلام ٹائمز۔ سندھ کابینہ میں شامل 8 وزراء نے حلف اٹھا لیا ہے، جبکہ 2 مشیروں کا نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے نومنتخب 8 وزراء نے حلف اٹھا لیا ہے، حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس کراچی میں ہوئی، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے نومنتخب وزراء سے حلف لیا، جن میں عذرا پیچوہو، سعید غنی، شہلا رضا، اسماعیل راہو، ہری رام، شبیر بجارانی، سید سردار شاہ اور مخدوم محبوب الزماں شامل ہیں۔ کابینہ میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور محمد بخش مہر کو مشیر کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور ان کی بطور مشیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل بلاول ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی، جس میں کابینہ اراکین اور قلمدانوں کو حتمی شکل دی گئی۔

سعید غنی کو محکمہ بلدیات، سردار شاہ کو تعلیم و ثقافت، اسماعیل راہو کو زراعت و خوراک اور شہلا رضا کو محکمہ اطلاعات و وزیر ترقی نسواں مقرر کیا گیا۔ سعید غنی سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہوں گے۔ مخدوم محبوب الزماں کو ریونیو، ہری رام کشوری لال کو ایکسائز، جیل خانہ جات اور اقلیتی امور، ڈاکٹر عذرا پیچوہو کو وزارتِ صحت کا قلمدان دیا گیا، جبکہ معدنیات کا محکمہ شبیر علی بجارانی کے حوالے کیا گیا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو محکمہ قانون و اینٹی کرپشن کا، جبکہ محمد بخش مہر کو صنعت و تجارت کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 745415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش