0
Monday 20 Aug 2018 15:35

چیئرمین سینیٹ نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دیدی

چیئرمین سینیٹ نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دیدی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے یہ تجویز گوادر اور چین کے جنوبی صوبے لیاؤنگ کے سب سے بڑے شہر اور پورٹ سٹی میں پائی جانے والی مشترکہ قدروں کی بنیاد پر دی۔ چین میں اپنے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ٹرین کے ذریعے بیجنگ سے دالیان پہنچے، جہاں انہوں نے شہری منصوبہ بندی کے سلسلہ میں منعقدہ میلے اور بندرگاہ کے کاروباری مرکز کا دورہ کیا۔ سینیٹ وفد نے شہر میں غربت مکاؤ منصوبے کو بھی دیکھا اور بعد میں دالیان شہر کے رہنماؤں کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ژیا ڈیرن چین کی عوامی مشاورتی کانفرنس کے لیانگ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بحیثیت چیئرمین اُن کا یہ پہلا دورہ ہے اور انہیں چین کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے میزبان کو بیجنگ میں ہونے والی اعلٰی سطحی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ور بتایا کہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں سے پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرکزی حکومتوں کی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین انتہائی بہتر روابط موجود ہیں، تاہم وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صوبائی، شہروں اور علاقائی سطح پر بھی تعاون کے لئے وسیع گنجائش پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھانے چاہئیں۔ دالیان شہر کی ایشیاء کے شمالی حصے کے لئے شپنگ اور لاجسٹکس کی حیثیت سے ایک تاریخ موجود ہے۔ دالیان کے رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان قیادت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو تقویت دینے میں ایک فعال کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے قومی لباس کو سراہا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے اور گوادر کو ایک موثر پورٹ سٹی بنانے میں ہم دالیان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے خواہاں ہیں اور تجارت وشپ منٹ کے شعبوں میں ہم چین کے تجربات سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ دالیان کا صنعتی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے میں وسیع تجربہ ہے اور پاکستان بھی اس سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکتا ہے، جس سے سی پیک منصوبے کو بھی مزید تقویت ملے گی۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر سی پیک کا ایک گیٹ وے ہے اور اسی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کا معیار زندگی بدل جائے گا اور جلد ہی یہ علاقہ خطے کی سمندر کے ذریعے ہونے والے نقل وحمل کا مرکز بن جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں بھی وظائف کے ذریعے مختلف شعبوں میں تحقیق وترقی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے لئے چین کی ترقی خطے اور علاقائی امن کا باعث ہے اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مسائل کے لئے مقامی سطح پر حل تلاش کرنے ہوں گے اور اس سلسلے میں چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے عوامی سطح پر روابط کو بڑھانے کے لئے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ اقتصادی وتجارتی روابط اور نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے ہمیں نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے اور تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کے لئے مشاورتوں کا سلسلہ شروع کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 745579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش