0
Tuesday 28 Aug 2018 08:34

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، ٹیکس سے متعلق اہم فیصلے متوقع

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، ٹیکس سے متعلق اہم فیصلے متوقع
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہو گا، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس ایڈ منسٹریشن تک محدود کرنے سمیت دیگر جامع اصلاحات متعارف کرانے اور گرین پاکستان پروگرام کو 10 بلین ٹری سونامی میں شامل سمیت شجر کاری کے حوالے سے دیگر اقدامات کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر کو مضبوط وخود مختار ادارہ بنانے کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرانے کی سمری کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو ٹیکس سے متعلقہ پالیسی سازی اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو الگ الگ کر دیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے مالیاتی و ٹیکس پالیسی سازی کیلئے اعلیٰ اختیاراتی فسکل پالیسی بورڈ قائم کئے جانے کا امکان ہے جس کے سربراہ وزیراعظم یا وزیر خزانہ ہوں گے۔ بورڈ ممبران میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ریونیو ڈویژن کے علاوہ نجی شعبہ کے لوگوں کو بھی شامل کیاجائے گا، بورڈ کے قیام کی صورت میں ایف بی آر سے ممبر ٹیکس پالیسی کا عہدہ بھی ختم کردیا جائے گا اور ایف بی آر کو ٹیکس ایڈمنسٹریشن تک محدودکردیاجائے گا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق مجوزہ فسکل پالیسی بورڈ ٹیکسوں میں کمی اور اضافہ کی سفارشات اور ملک کی ٹیکس پالیسی تیارکیا کرے گا، جس پر عملدرآمد ایف بی آر کرائے گا۔ دریں اثنا بلین ٹری سونامی کے پروگرام کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں بھرپور شجرکاری کیلئے اقدامات کی بھی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ملک بھر میں ایک ہی روز شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام وزراء اعلیٰ کو لیٹرز لکھے جائیں گے اور انہیں کہا جائے گا کہ ایک ہی دن شجرکاری کا افتتاح کیا جائے اور اس روز 15 لاکھ پودے لگانے کا پروگرام ہے۔ بلین ٹری سونامی پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانے کیلئے گرین پاکستان پروگرام کو 10 بلین ٹری سونامی میں شامل کیا جائے گا۔ تمام صوبوں میں پودوں کی مفت تقسیم کے پوائنٹس بنائے جائیں گے اور پودوں اورجنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا میں بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 746592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش