0
Thursday 30 Aug 2018 18:43
مسلم دنیا کو متحد کرنے کیلئے ایران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اسد قیصر

آزادی کشمیر و فلسطین کیلئے ایران پاکستانی مؤقف کی تائید کرتا ہے، جواد ظریف

ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانیکی خواہش مند ہے
آزادی کشمیر و فلسطین کیلئے ایران پاکستانی مؤقف کی تائید کرتا ہے، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ایران پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 2 روزہ دورہ پاکستان کے موقع پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، ملاقات جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات موجود ہیں، باہمی مفادات کیلئے دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہیں، پاکستان امت مسلم کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان اور ایران کے مابین ہمہ جہت تعلقات موجود ہیں، مسلم دنیا کو متحد کرنے کیلئے ایران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، مسلم ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے محرک پارلیمانی سفارتکاری ضروری ہے، بین الاقوامی اہمیت کے حامل معاملات پر دونوں ممالک کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسد قیصر کو ایرانی اسپیکر اور قیادت کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کیلئے پاکستان کا شراکت دار ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ایران پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے پاکستانی مؤقف کی تائید کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ جواد ظریف نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہے، دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں، دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مؤثر طرز حکمرانی کیلئے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 747117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش