0
Friday 31 Aug 2018 22:10

فیصل آباد، تربوز کے چھلکے سے پانی کو آرسینک سے پاک کرنے والا سستا فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ

فیصل آباد، تربوز کے چھلکے سے پانی کو آرسینک سے پاک کرنے والا سستا فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ایک سائنسدان نے پانی میں شامل انہتائی خطرناک مرکب آرسینک کو پانی سے الگ کرنے کے لیے دنیا کا سستا ترین فلڑ تیار کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔ فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر نبیل نیازی نے تربوز کے چھلکے کی مدد سے پانی سے آرسینک کو الگ کرنے کے لیے دنیا کا کم قیمت ترین فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ آرسینک ایسا زہر ہے جو قدرتی طور پر زیر زمین پانی میں موجود ہے، اس پانی کے استعمال سے پیٹ کے امراض،گردوں اور جگر کی بیماریوں سے ہر سال 43 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ آرسینک کو پانی سے الگ کرنے والے دستیاب طریقوں پر ہر چار ماہ بعد 20 سے 25 ہزار روپے کا خرچ آتا ہے لیکن ڈاکڑ نبیل خان نیازی نے تربوز کے چھلکے سے صرف 5 ہزار روپے میں 8 ماہ کے لیے قابل استعمال ٹیکنالوجی ایجاد کی ہے۔

ڈاکٹر نبیل کا بتانا ہے کہ واٹر میلن کا چھلکا مفت میں دستیاب ہے، ہم نے اس کو پیسا اور زینٹھیٹ نامی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس میں تھوڑی سی ترمیم کی، اس کا فائدہ یہ ہوا کہ یہ نا تو پانی میں حل ہو گا اور نا ہی خراب ہو گا، اسے لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا کہ یہ آرسینک کو نکالتا ہے یا نہیں تو ہمیں بڑے اچھے رزلٹ ملے، تقریبا 95 سے 98 فیصد آرسینک پانی سے ختم ہو گیا۔ ڈاکٹر نبیل نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی میں بجلی کا استعمال نہیں ہے، اس فلڑ سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں غریب آبادی کے لیے آرسینک سے پاک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ فیصل آباد یونیورسٹی کے سائنسدان کا کہنا ہے کہ تھوڑے سے فنڈز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں یہ ٹیکنالوجی انتہائی کم قیمت میں پہنچائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں پانی کو آرسینک سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی کو آرسینک کے مسائل سے دوچار دوسرے ملکوں کو فروخت کر کے پاکستان زرمبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔

ایگریکلچر یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ماہرین نے تربوز کے چھلکوں میں زنتھیٹ نمکیات ملائے جو آرسینک معدن کو کشش کرکے خود سے جوڑ لیتے ہیں۔ اسی بنیاد پر ایک فلٹر کا نمونہ بنایا گیا اور پاکستان کے کئی علاقوں سے سنکھیا ملے پانی کے نمونوں کو جب اس سے گزارا گیا تو حیرت انگیز طور پر فلٹر نے 95 فیصد سنکھیا جذب کرلی۔اس موقع پر ڈاکٹر نبیل نیازی نے کہا کہ یہ ایجاد 2014ء میں کینیڈا کی جانب سے ’گرانڈ چیلنجز‘ میں ان کے پروجیکٹ منظور ہونے سے ملنے والی مالی مدد سے ممکن ہوئی ہے، ہماری توجہ ایسے غریب علاقوں کے لوگوں پر ہے جہاں بجلی موجود نہیں اور نہ ہی لوگوں کے پاس مہنگے فلٹرز خریدنے کے لیے وسائل ہوتے ہیں ان میں سے بعض فلٹر کی قیمت 20 سے 25 ہزار روپے تک ہوتی ہے۔ ڈاکٹر نبیل نیازی نے میڈیا کو بتایا کہ قدرتی طور پر ہم پھلوں اور سبزیوں کی باقیات کو حیاتی فضلہ یا بایو ویسٹ کہتےہیں ان میں بہت سے مفید بایو پالیمرز اور کیمیا کی زبان میں سرفیس فنکشنل گروپس ہوتے ہیں، آرسینک معدن این آئن کیفیت رکھتا ہے جس پر نگیٹو چارج ہوتا ہے۔

ڈاکٹر نبیل نے کہا کہ اس کے لیے میری نگرانی میں ایک طالب علم محمد بلال شکور نے تربوز کے چھلکوں کو کاربن ڈائی سلفائیڈ سے ٹریٹ کیا تاکہ اس میں سلفر گروپ شامل ہوجائے، سلفر گروپ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ سنکھیا کو کشش کرکے جذب کرتا ہے۔ اپنی ایجاد کے متعلق انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طریقے کو پانی میں آرسینک کا پتا لگانے والے ایک مؤثر سینسر میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے اس طرح آرسینک کا پتا لگانے والا ایک کم خرچ آلہ بھی بنایا جسکتا ہے جس پر کام جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ماہرین کی یہ ایجاد حیاتی انجذاب (بایو ایبزوربنٹس) میں شمار ہوتی ہے جس میں مختلف قدرتی اجزا سے مضر کیمیکلز کو ختم کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں ڈاکٹر نیازی نے کئی سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے اور باقیات کو باری باری آزمایا جن میں تربوز کا چھلکا آرسینک کے خاتمے میں سب سے مؤثر ثابت ہوا ہے۔

اگلے مرحلے میں حکومتِ پاکستان کے تعاون سے بایو آرسینک فلٹر کو ملک کے دیہی علاقوں میں آزمایا جائے گا جہاں کنووں اور پانی کے ذخائر میں سنکھیا عام پایا جاتا ہے۔ اگر کوئی سنکھیا ملا پانی پی لے تو قے اور دست کا مرض لاحق ہوجاتا ہے، طویل عرصے تک آرسینک ملا پانی استعمال کیا جائے تو اس سے جلد کا سرطان، سانس کے امراض اور دیگر جان لیوا بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ خصوصاً جنوبی ایشیا کے کئی ممالک کے آبی ذخائر سنکھیا کے زہر سے آلودہ ہیں اور اس ضمن میں یہ اہم ایجاد ہزاروں لاکھوں افراد کی جانیں بچاسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ سنکھیا سے آلودہ پانی سے شکار ہونے والے ممالک میں بھارت ، پاکستان اور بنگلہ دیش بالترتیب پہلے ، چوتھے اور چھٹے بڑے ملک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 747280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش