0
Thursday 26 May 2011 20:42

امریکا نواز حکمرانوں نے پورے ملک کو امریکا کی چراگاہ میں تبدیل کر دیا ہے، محمد حسین محنتی

امریکا نواز حکمرانوں نے پورے ملک کو امریکا کی چراگاہ میں تبدیل کر دیا ہے، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی کے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امریکا نواز حکمرانوں نے پورے ملک کو امریکا کی چراگاہ میں تبدیل کر دیا ہے، ڈرون حملے ملکی سالمیت اور خودمختاری کے منافی ہیں، امریکا کو راہداری فراہم کر کے قومی غیرت کا سودا کیا گیا ہے، 4 اور 5 جون کا دھرنا ملک میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے ناظمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری نسیم صدیقی، نائب امیر نصراللہ خان شجیع نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں عالم دین مولانا عطاء اللہ نے درس قرآن بھی دیا۔ اجتماع میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد، حافظ نعیم الرحمن، سید محمد اقبال اور،دیگر بھی موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ اللہ کے دین کے لئے جدوجہد کرنا اور مخالفت کے باوجود ثابت قدم رہنا بڑے حوصلے کا کام ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک و ملت کو درپیش مسائل و مشکلات میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ماضی میں ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے دھرنا دیا اور آج ایک بار پھر ملک بحران کا شکار ہے۔ ایبٹ آباد کا سانحہ امریکا کی پاکستان دشمنی کا واضح ثبوت ہے، پارلیمنٹ کی قرارداد کے باوجود امریکا آج بھی ڈرون حملے کر رہا ہے وہ جو چاہتا ہے وہ کرتا ہے، ہمارے حکمران امریکا کے آگے سجدہ ریز ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ رابطہ عوام مہم کے اختتام پر ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، لوڈشیڈنگ، مہنگائی کے خلاف اور بابرکت اسلامی انقلاب کیلئے 4 اور 5 جون کو تبت سینٹر پر دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن، سیکرٹری لیاقت بلوچ اور دیگر مرکزی قائدین شریک ہوں گے، جبکہ 5 جون کو خواتین بھی دھرنے میں شریک ہوں گی۔ مولانا عطاء اللہ نے کہا کہ جب تک فاسقین کے ہاتھ سے اقتدار لے کر صالحین کے ہاتھوں میں نہیں دیا جاتا، حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ ملک کے موجودہ حالات میں سیاسی تبدیلی کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 74791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش