0
Saturday 15 Sep 2018 20:21

لاہور کے علاقے بھنگالی میں تحریک لبیک کے کارکنوں کا مجلس عزا پر حملہ، متعدد زخمی

لاہور کے علاقے بھنگالی میں تحریک لبیک کے کارکنوں کا مجلس عزا پر حملہ، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے بھنگالی گاؤں میں تحریک لبیک کے کارکنوں نے مجلس عزاء پر دھاوا بول دیا، جس سے تصادم میں متعدد عزادار زخمی ہوگئے جبکہ تحریک لبیک نے الٹا درجنوں عزاداروں کیخلاف توہین صحابہ کا الزام عائد کرکے 70 سے زائد عزاداروں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ جس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعہ کے بعد دونوں طرف سے شدید نعرے بازی کی گئی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کارکنوں کو منتشر کر دیا، تاہم پولیس نے مجلس عزاء کا انعقاد روک دیا، جس پر اہل تشیع کی جانب سے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی گئی، جبکہ سینکڑوں عزادار خواتین و حضرات نے لاہور روڈ پر دھرنا دے رکھا ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ عزاداروں کیخلاف درج کئے گئے جھوٹے مقدمات فی الفور خارج کئے جائیں جبکہ مجلس روکنے پر تحریک لبیک کے کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ مظاہرین نے کہا کہ کچھ عزاداروں کو پولیس نے گرفتار بھی کیا، جنہیں فوری رہا کیا جائے۔ ادھر تحریک لبیک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم نے مجلس نہیں رکوائی بلکہ چند عزاداروں نے ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر ہمارے کارکن ان کے پیچھے گئے تو انہوں نے الزام عائد کر دیا کہ ہم مجلس بند کروانے آئے ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور انوارالحق کا کہنا ہے کہ صورتحال کنٹرول میں ہے، دونوں گروپوں کے عمائدین سے بات چیت ہوئی ہے اور بہت جلد معاملہ حل کر لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 750226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش