0
Monday 17 Sep 2018 23:12

سندھ رینجرز اجلاس، محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

سندھ رینجرز اجلاس، محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا
اسلام ٹائمز۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلٰی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کی صورت کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے پلان کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سندھ حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کا بھی ازسر نو جائزہ لیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔
خبر کا کوڈ : 750712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش