1
Wednesday 19 Sep 2018 19:43

واقعہ کربلا سے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کادرس ملتا ہے، راغب نعیمی

واقعہ کربلا سے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کادرس ملتا ہے، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کادرس ملتا ہے، جبر و ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ امام حسینؑ کا مشن تھا، شہداء کی قربانیاں مشعل راہ ہیں، نواسہ رسولؐ شہید کربلا سیدنا حسین ابن علیؑ کی دین کیلئے خدمات کا دائرہ وسیع و عریض ہے۔ سیدنا امام حسینؑ کی شہادت کے فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کائنات کے وجود سے لیکر قیامت تک سچ اور جھوٹ کی جنگ جاری رہے گی اور فتح ہمیشہ حق کے حصے میں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزم نعیمیہ کے زیراہتمام جامعہ نعیمیہ میں سیدنا عمر فاروق، سیدنا امام حسینؑ اور شہداء کربلا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا ایک درسگاہ ہے جو ظلم سے ٹکرانے کا درس دیتی ہے۔ جامعہ نعیمیہ بھی اسی مشن اور کاز کو لے کر چل رہا ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد صرف دنیا میں عشق رسول ؐ کا فروغ ہے، شہید کربلا سیدنا حسین ابن علیؑ نوجوانان جنت کے سردار اور حضوراکرمؐ کے انتہائی محبوب اور پیارے نواسے تھے، آپؑ نے کربلا کے میدان میں اپنے خانوادے سمیت جانوں کے نذرانے تو پیش کر دیئے لیکن باطل کے آگے سر کو نہ جھکا کر قیامت تک کی انسانیت کو حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیا ہے۔ ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ امام حسینؑ کا مشن تھا وہ چاہتے تھے کہ ایک فرد اور خاندان کی بجائے اللہ کے قانون کی حکمرانی اور حقوق میں سب برابر ہوں۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیخلاف خصوصی دعا کرائی گئی۔

تقریب میں مولانا محبوب احمد چشتی، مفتی محمد ہاشم رضوی، مفتی محمد عارف حسین، مولانا مسعود احمد سیالوی، مولانا غلام یاسین قادری نعیمی، مولانا سلیم نعیمی، قاری محمد رفیق نقشبندی، قاری اشفاق احمد قصوری، قاری غلام محی الدین، قاری ذوالفقار احمد نعیمی، مولانا غوث علی شاہ، قاری سعید احمد نقیبی سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
 
خبر کا کوڈ : 750988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش