0
Tuesday 25 Sep 2018 16:17

اصغریہ تحریک کے زیر اہتمام سندھ بھر میں مثالی عزاداری جلوس و حسینی بلڈ کیمپس کا انعقاد

اصغریہ تحریک کے زیر اہتمام سندھ بھر میں مثالی عزاداری جلوس و حسینی بلڈ کیمپس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام سندھ کے 40 شہروں میں مثالی عزاداری کے جلوس برآمد کئے گئے، جبکہ 24 شہروں میں یوم عاشور کو حسینی بلڈ ڈونیشن کیمپ کے ذریعے خون کے عطیات جمع کرکے امام حسینؑ کے نام پر 1131 بلڈ بیگز تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور ضرورت مند انسانوں کو عطیہ کئے گئے۔ اس حوالے سے اصغریہ تحریک کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی نے کہا کہ امام حسینؑ کی تحریک اور واقعہ کربلا انسانیت کو بیداری اور خوداریت کا درس دیتا ہے، اس پیغام کو رسومات کا شکار کر دینا اس عظیم قربانی سے ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فکر امام حسینؑ اور کربلا شناسی کیلئے ضروری ہے کہ اس تحریک کے حقیقی مقصد کو سمجھیں اور اس کو عام لوگوں تک پہنچانے کیلئے منظم اور مفید پروگرامات کا انعقاد ہو۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں ہر انسان کے دل میں کربلا کا غم تازہ ہو جاتا ہے اور قربانی و ایثار کا جذبہ پیدار ہوتا ہے، جبکہ تمام مکاتب فکر امام حسینؑ اور خاندان رسالتؐ کے غم میں شریک ہونے کیلئے اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

پسند علی رضوی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر نجف تا کربلا ہونے والے جلوس کے طرز پہ دنیا بھر میں جلوس برآمد کئے جائیں، جس میں رنگ و نسل و مذہب کی بندش نہ ہو، تمام لوگ یکجا ہوکر شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسی مناسبت سے اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے مثالی عزاداری جلوس کو سندھ میں متعارف کروایا گیا ہے، جس میں تمام شریک افراد پرچم عباس بلند کئے ہوئے، لبیک یاحسینؑ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے جلوس میں مقررہ منزل کی جانب رواں دواں ہوتے ہیں، اس عزاداری کو اس انداز میں کیا جاتا ہے کہ شیعہ و سنی مسلمانوں سمیت ہندوؤں، عیسائی، سکھ، کولہی مذاہب کے افراد بھی باآسانی شرکت کرتے ہیں، جبکہ جلوس میں کوئی تفریق نہیں ہوتی، نہ ہی ثقافت رکاوٹ بنتی ہیں، اس سال اصغریہ تحریک کی جانب سے سندھ کے 40 شہروں میں مثالی عزاداری کے جلوس نکالے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسینؑ کے ذریعے انسانیت کی خدمت کرنا عظیم عبادت ہے، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان نے 24 شہروں میں یوم عاشور کو حسینی بلڈ ڈونیشن کیمپ کے ذریعے خون کے عطیات جمع کرکے امام حسینؑ کے نام پر 1131 بلڈ بیگز تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور ضرورت مند انسانوں کو عطیہ کئے گئے۔ اس حوالے سے مرکزی سیکریٹری شعبہ عزاداری و تبلیغ سید خادم حسین رضوی نے کہا کہ امام حسینؑ کی عزاداری کے ذریعے انسانیت کو بچایا جا سکتا ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے قمہ زنی کو ختم کرکے خون کو عطیہ کرنے کی تحریک کو مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس سے لوگوں میں ایثار و قربانی کا جوش پیدا ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 752111
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش