0
Wednesday 26 Sep 2018 19:53

پی ٹی آئی کے ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

پی ٹی آئی کے ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت غلط فیصلوں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں نوابزادہ نصراللہ خان کی پندرہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018ء میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس پراحتجاج بھی کیا، کچھ پارٹیاں تو حلف اٹھانے کے لیے بھی تیار نہ تھیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کیوں کہ پیپلزپارٹی جلا ؤگھیراؤ کرکے ملک کو خطروں میں نہیں ڈالنا چاہتی، اس لئے انتخابات میں دھاندلی پر میرا مطالبہ تھا کہ دونوں ایوانوں پر مشتمل پارلیمانی کمیشن بنایا جائے لیکن کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنا دی گئی ہے، ہم نے اس فیصلے کو بھی قبول کیا۔ اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے، اختلافات کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم سیاسی دور سے گزر رہا ہے اور ملک سلیکٹڈ حکومت کے حوالے کیا جا چکا ہے، پی ٹی آئی کے ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، ملک چندوں سے نہیں چل سکتا، یوٹیلیٹی اسٹور تک بند کیے جا رہے ہیں، عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف سوشل میڈیا پر بیان کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ نے طویل عرصے بعد کشمیر میں خلاف ورزیوں پر رپورٹ تیار کی، وزیراعظم نے خود اقوام متحدہ جانے کے بجائے وزیر خارجہ کو بھیج دیا، عمران خان جواب دیں کہ کشمیر کا مسئلہ اٹھانے کے لیے وہ خود اقوام متحدہ کے اجلاس میں کیوں نہیں گئے۔
خبر کا کوڈ : 752379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش