0
Tuesday 31 May 2011 00:18

اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 14 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے

اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 14 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے
ہنگو:اسلام ٹائمز۔اورکزئی ایجنسی کی اپر تحصیل ڈبوری میں سیکیورٹی پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 14 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ لوئر تحصیل کے موضع گارا منی سے ایک قبائلی کو اغوا کر لیا گیا اور پولیٹیکل خاصہ داروں نے کاروائی میں ایک کار لفٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب درہ آدم خیل میں مبینہ شدت پسند کو قتل کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دو عسکریت پسندوں کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اورکزئی ایجنسی کی اپر تحصیل ڈبوری میں واقع ٹل سکاوٹس کے سیکیورٹی پوسٹ پر گزشتہ روز بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 14 ایف سی اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
دریں اثناء لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ستر سام کے موضع گارا منی خیل سے نامعلوم اغوا کار ایک قبائلی باشندے اقتدار علی کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کر کے لے گئے ہیں جسکی بازیابی کیلئے کاروائی کے دوران پولیٹیکل خاصہ دار فورس نے ایک کار لفٹر حبیب حسین سکنہ منی خیل کو گرفتار کر لیا ہے جس پر26 مئی کو ابرار حسین کی پک اپ گاڑی اغواء کرنے کا الزام ہے ادھر ایف آر کوہاٹ کے علاقہ درہ آدم خیل کے موضع پیروال خیل، اخور وال میں نامعلوم افراد نے تحریک طالبان کے اہم رکن نعیم خان ساکن علی باز کلے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ مزید برآں سیکیورٹی فورسز نے درہ آدم خیل میں ایک کاروائی کے دوران دو مشتبہ دہشتگردوں شیر محمد اور ماہور ساکنان خیبر ایجنسی کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا اور بعد ازاں انکو پولیٹیکل انتطامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء سیکیورٹی فورسز نے ایف آر جوا کی کے علاقہ جموں اور بازید خیل کی پہاڑوں میں عسکریت پسندوں کے ممکنہ ٹھکانوں کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا تاہم آخری خبریں آنے تک شیلنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ 
خبر کا کوڈ : 75718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش