0
Wednesday 31 Oct 2018 11:02

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آمد
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستانی حکام کے ساتھ اغواء کئے جانے والے سرحدی محافظین اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کرنے کے لئے غیر متوقع ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان پہنچنے پر نور خان ایئربیس پر پاکستان میں موجود ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور وزارت خارجہ کے اعلٰی حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روزہ دورے پر آئے ہوئے جواد ظریف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ اس سے قبل ایرانی سفارتکار مہدی ہنر دوست نے گذشتہ روز وزیر خارجہ خورشید محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ "ایرانی سفیر نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔" سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواء شدہ ایرانی سرحدی محافظین کی بازیابی کا معاملہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کے ایجنڈے میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

خیال رہے کہ 2 ہفتے قبل پاکستان کے صوبے بلوچستان سے متصل ایرانی سرحد پر تقریباً 12 محافظین کو دہشتگردوں نے اغواء کر لیا تھا جبکہ اس کی ذمہ داری "جیش العدل" نامی ایک دہشتگرد تنظیم نے قبول کی تھی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے محافظین کو اغواء کے بعد پاکستانی علاقے منتقل کر دیا تھا۔ مذکورہ واقعہ کے فوراً بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی تھی، جس میں ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان سے سرحد پر سکیورٹی میں اضافہ کرنے اور تعینات اہلکاروں کی تعداد بڑھانے سمیت دیگر اقدامات کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے پاکستانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین سمجھوتے کے تحت اغواء شدہ افراد کو بازیاب کروانے اور اس میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کریں۔ دوسری جانب ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل محمد حسین باقری نے بھی مذکورہ واقعے کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ سے گفتگو کی، جس میں انہوں نے اغواء شدہ ایرانی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے کی جانے والی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے موقع پر اس بات کی توقع ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ اسرائیل کے مسلم ممالک کے ساتھ بڑھتے تعلقات پر بھی گفتگو کریں گے، جس کا مقصد ایران کو دیوار سے لگانا ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 758702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش