0
Thursday 1 Nov 2018 10:36

خیبر پختونخوا کی جیلوں میں سیکڑوں قیدی ایڈز اور ہیپاٹائٹس کا شکار

خیبر پختونخوا کی جیلوں میں سیکڑوں قیدی ایڈز اور ہیپاٹائٹس کا شکار
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کی 6 جیلوں و لاک اپس میں کئے گئے طبی معائنے کے دوران درجنوں قیدی ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسے امراض کا شکار پائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے انٹیگریٹڈ پروگرام ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی ایڈز اور تیھلسمیا کے تحت گذشتہ 2 ماہ قبل صوبے کی مختلف جیلوں سینٹرل جیل پشاور، ڈسٹرکٹ جیل صوابی، ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ، سینٹرل جیل بنوں، جوڈیشل لاک اپ ایبٹ آباد اور جیوڈیشل لاک اپ مالاکنڈ میں قیدیوں کی بلڈ اسکریننگ کی گئی، خون کے نمونوں کے معائنے میں قیدیوں کی ایک بڑی تعداد مہلک امراض کا شکار پائی گئی ہے۔ جیلوں میں مجموعی طور پر 4461 قیدیوں کی اسکریننگ ہوئی، جن میں سے 37 قیدیوں کو ایچ آئی وی ایڈز ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ 68 ہیپاٹائٹس بی اور 208 قیدی ہیپاٹائٹس سی (کالا یرقان) کا شکار پائے گئے ہیں۔

ایچ آئی وی ایڈز کے سب سے زیادہ کیسز ڈسٹرکٹ جیل صوابی میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 598 مرد قیدیوں اور 12 خواتین قیدیوں میں سے 19 قیدی ایچ آئی وی پازیٹیو تھے۔ اسی طرح جیوڈیشل لاک اپ ایبٹ آباد میں بھی 207 مرد قیدیوں اور 14 خواتین قیدیوں میں 6 میں ایچ آئی وی ایڈز پایا گیا ہے جبکہ پشاور سینٹرل جیل میں 2075 مرد قیدیوں اور 29 خواتین قیدیوں میں 8 ایچ آئی وی ایڈز کے کیس پازیٹیو تھے۔ ہیپاٹائٹس بی کے حوالے سے سب سے زیادہ کیسز بنوں جیل میں 30 قیدیوں کے سامنے آئے ہیں جبکہ پشاور جیل دوسرے نمبر پر سر فہرست ہے جہاں 23 مرد قیدی اس مرض میں مبتلا تھے۔ کالے یرقان کے حوالے سے جیلوں میں صورتحال سب سے زیادہ لمحہ فکریہ ہے جس میں صوابی جیل بھی ٹاپ پر ہے جہاں 78 مرد قیدیوں کو یہ موذی مرض لاحق ہے جبکہ پشاور جیل میں 60 مرد قیدیوں کے ساتھ ساتھ ایک قیدی خاتون بھی مرض کا شکار ہے۔

کوہاٹ جیل میں 31 مرد قیدی، ایبٹ آباد جیل میں 17 مرد قیدی، مالاکنڈ جیل میں 3 قیدی اور بنوں جیل میں 17 مرد قیدیوں کے علاوہ ایک خاتون بھی مرض کا شکار پائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مطابق اکثر جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں کو رکھنے اور جیلوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس صورتحال کے علاوہ غیر اخلاقی رویہ اس کا موجب ہے۔ اس ہوشربا صورتحال پر محکمہ صحت نے جیل انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد اب محکمہ صحت قیدیوں کے علاج معالجے کو جلد شروع کرنے کیلئے بھی جائزہ لے رہا ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی محکموں کے مشترکہ اجلاس بھی متوقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 758877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش