0
Tuesday 13 Nov 2018 13:45

خیبر پختونخوا میں 4 ارب کی گندم پر 13 ارب روپے سود چڑھ گیا

خیبر پختونخوا میں 4 ارب کی گندم پر 13 ارب روپے سود چڑھ گیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں 4 ارب کی گندم پر 13 ارب روپے سود چڑھ گیا اور ٹی سی پی نے محکمہ خوراک سے 17 ارب روپے کے بقایاجات مانگ لئے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گندم کی مد میں محکمہ خوراک خیبر پختونخوا سے 17 ارب روپے کے بقایاجات مانگ لئے ہیں۔ ادائیگی نہ ہونے کے باعث 4 سال میں 4 ارب روپے کی گندم پر مارک اپ 13 ارب روپے ہوگیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات ہوگی کہ صوبے کو اتنا نقصان کیوں پہنچایا گیا۔ میڈیا کو ملنے والی معلومات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ٹریڈنگ کارپوریشن سے 2004-2005ء میں 29 کروڑ روپے کی خریداری کی، 2007-2008ء میں 83 کروڑ اور 2008-2009ء میں 3 ارب روپے کی خریداری کی۔

اس طرح 4 سال میں 4 ارب 29 کروڑ روپے کی خریداری کی گئی، لیکن صوبائی حکومت نے اس دوران واپس کوئی ادائیگی نہیں کی جس کے نتیجے میں 4 سال میں 4 ارب 29 کروڑ روپے پر سود بڑھ کر 13 ارب 21 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن نے محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں فوری طور پر 17 ارب 51 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے، ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں مارک اپ مزید بڑھ سکتا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ یہ سابقہ حکومتوں کے کارنامے ہیں جنہوں نے صوبے کو اتنی بڑی رقم میں پھنسا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گندم کی خریداری کی تو صوبے کو 9 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔ صوبائی حکومت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے، معلوم کریں گے کہ یہ گندم کیسے منگوائی گئی اور کہاں استعمال ہوئی اور رقم واپس کیوں ادا نہیں کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 760922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش