0
Friday 16 Nov 2018 18:24

ولادت مصطفےٰ (ص) کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، امن کا بول بالا ہوا، قاری ناصرمیاں نقشبندی

ولادت مصطفےٰ (ص) کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، امن کا بول بالا ہوا، قاری ناصرمیاں نقشبندی
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام گیارہویں سالانہ مشعل بردار میلاد ریلی دولت گیٹ چوک سے شروع ہوئی، مشعل بردار میلاد ریلی کی قیادت سجادہ نشین خانقاہ حامدیہ صاحبزادہ قاری ناصر میاں نقشبندی، سجادہ نشین خانقاہ چادر والی سرکار پیر سید نورحسین شاہ نقشبندی، ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن یاسر ارشاد دیوان، سرپرست تحریک مخدوم شہباز ہاشمی، ناظم احسان سعیدی، شوکت مصطفوی، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میجر محمد اقبال چغتائی، صوبائی ترجمان رائو محمد عارف رضوی، صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی، رکن الدین ندیم حامدی سمیت تحریک منہاج القرآن اور متحدہ میلاد کونسل کے قائدین نے کی۔ مشعل بردار میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قاری ناصر میاں خان نقشبندی نے کہا کہ اللہ پاک نے اپنے حبیب(ص) کو ہمارے درمیان مبعوث فرما کر احسان عظیم فرمایا، یہی وجہ ہے کہ ولادت مصطفےٰ (ص) کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، پیر سید نورحسین شاہ نقشبندی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اپنے پیارے نبی کی ولادت کی خوشی کا جشن منانے کا خصوصی اہتمام کرتی ہے۔ ضلعی صدر یاسر ارشاد نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اپنے پیارے نبی (ص) کی ولادت کا جشن منفرد انداز میں مناتی ہے۔ مخدوم شہباز ہاشمی اور میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ تاجدار کائنات کی آمد سے ظلم وستم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوا، معاشرے کے مظلوم اور کمزور طبقات کو سراٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا، جہالت کے اندھیرے علم کی روشنی میں تبدیل ہوگئے۔ متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی اور رکن الدین ندیم حامدی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغِ عشق رسول کی سب سے بڑی تحریک ہے جو نہایت منظم انداز میں پوری دنیا میں حضور کے عشق کی شمعیں روشن کر رہی ہے۔ رائو محمد عارف رضوی اور احسان سعیدی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سفیر عشق رسول ہیں، جنہوں نے نوجوان نسل کے دلوں میں عشق رسول کی مشعلیں روشن کیں۔   
خبر کا کوڈ : 761578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش