0
Thursday 29 Nov 2018 15:46

کوہستان ویڈیو سکینڈل، 5 لڑکیوں کے قتل کے الزام میں 4 افراد گرفتار

کوہستان ویڈیو سکینڈل، 5 لڑکیوں کے قتل کے الزام میں 4 افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ چھ سال قبل سامنے آنے والے کوہستان ویڈیو اسکینڈل کے معاملے میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ پانچ لڑکیوں کو مبینہ طور پرقتل کرنے والے چار ملزمان کو پولیس نے سات سال بعد گرفتار کرلیا۔ کوہستان کے علاقے پلاس میں 2012ء میں شادی کی ایک تقریب میں لڑکے کے رقص پر لڑکیوں کو تالیاں بجاتے دکھایا گیا تھا۔ ان لڑکیوں کو بعد میں جرگے کے حکم پر قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ اطلاع منظر عام پر آنے کے بعد کھلبی مچ گئی اور کئی ماہ تک اس کیس کی تحقیقات ہوتی رہیں۔ سپریم کورٹ نے جون میں اس واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا اور یکم اگست کو مشتبہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ کولائی پلاس ضلع کے پولیس افسر افتخار خان نے بتایا کہ پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 364 کے تحت ایف آئی ار درج کی گئی اور اگر لڑکیوں کو برآمد کرنے میں پولیس ناکام رہی تو ایف آئی آر میں سیکشن 302 بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو قتل کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عمر خان، سفیر، سرفراز اور سائپر کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف 202، 201، 419، 420، اور 364 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کا مقامی عدالت سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا اور ملزمان کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سپریم کورٹ میں افضل کوہستانی نے درخواست دائر کی تھی۔ افضل کے تین بھائیوں کو بھی اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد جرگے کے حکم پر قتل کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 763940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش