0
Tuesday 25 Dec 2018 18:13

دیہی آبادی کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، مخدوم زین قریشی

دیہی آبادی کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، مخدوم زین قریشی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر ماحولیات و توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی بہتری اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے، سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، سپیڈو بس سروس دیہی علاقوں کی عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، میٹرو بس منصوبوں کو کامیاب بنا کر منافع بخش بنائیں گے، سابقہ حکمرانوں نے اربوں روپے کے قرضے لیکر ملک و قوم کو مقروض کیا، جس کا فائدہ عوام کی بجائے ان کے چہیتوں کو ہوا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان تا پل 132 دنیا پور روڈ سپیڈو بس سروس کے افتتاح کے موقع پر حسینہ چوک پر خطاب میں کیا، انہوں نے کہا کہ سابقہ کرپٹ حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں، مگر ہم عوام کا پیسہ عوام پر لگائیں گے، ٹھٹھہ صادق آباد میرا اپنا گھر ہے، ان شاء اللہ بہت جلد اگلے مرحلے میں سپیڈو بس سروس کا دائرہ کار ٹھٹھہ صادق آباد تک بڑھا کر عوام کو جلد خوشخبری دیں گے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے فنانس مخدوم زین حسین قریشی نے کہا کہ غیر منافع بخش منصوبوں کو منافع بخش بنا کر اس کا فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کا مشن ہے، جس کی تکمیل کیلئے موجودہ حکومت کوشاں ہے، ملتان تا پل 132 سپیڈو بس سروس سے علاقے کی عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا، دیہی علاقوں میں سپیڈو بس سروس کے آغاز کا مقصد دیہاتی آبادیوں کو معیاری سفری سہولیات پہنچانا، عوامی زندگی اور کاروبار میں بہتری لانا ہے، سپیڈو بس سروس عوام کیلئے انمول تحفہ ہے، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے ٹرانسپورٹ حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، عوام کو سستی و معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ٹھٹھہ صادق آباد تک سپیڈو بس سروس کا اجراء جلد کر دیا جائے گا، سپیڈو بس سروس ملتان کے منیجر آپریشنز محمد واجد سلیم نے کہا کہ سپیڈو بس سروس ملتان تا پل 132 دنیا پور روڈ کے اجراء سے عوام کو معیاری اور سستی سہولت میسر آئے گی، پہلے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے، بہت جلد ٹھٹھہ صادق آباد تک سروس بھی چلائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 768623
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش