0
Wednesday 16 Jan 2019 11:58

درہ آدم خیل میں اسلحہ سازی کی صنعت کو قانونی حیثیت دی جائیگی، گورنر شاہ فرمان

درہ آدم خیل میں اسلحہ سازی کی صنعت کو قانونی حیثیت دی جائیگی، گورنر شاہ فرمان
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ درہ آدم خیل میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا اور وہاں اسلحہ سازی کی صنعت کو باقاعدہ قانونی حیثیت دی جائے گی۔ گورنر ہاؤس پشاور میں ایف آر کوہاٹ کے نمائندہ قبائلی جرگہ سے خطاب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یہاں کی تیار کردہ مصنوعات کو ملکی و غیرملکی مارکیٹ تک رسائی دی جائے گی جبکہ رجسٹریشن اور قانونی کاروبار کی شکل میں انہیں کوالٹی خام مال کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رکن ناصر جمال، سابق وفاقی وزیرمملکت حاجی بازگل، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، درہ کے 6 اقوام کے نمائندہ مشران، یوتھ اور طلباء کے نمائندوں سمیت متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ گورنر شاہ فرمان نے وفد کو یقین دلایا کہ قبائل کے رسم ورواج اور جرگہ کے نظام کو بحال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی ترقی اور ان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے صوبائی بجٹ میں حصہ رکھا جائے گا۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام کو وہ تمام حقوق اور مراعات حاصل ہوںگی جو ملک کے دیگر عوام کو حاصل ہیں اور وہ مراعات بھی بحال رہیں گے جو انضمام سے قبل حاصل تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے 10 سالہ ترقیاتی پیکج کے تحت سالانہ 100 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے جن کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور ان اقدامات کے نتیجے میں چند سالوں میں قبائلی علاقہ جات میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی۔ گورنر نے علاقے کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے جرگے کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقے کی سطح پر ایک نمائندہ جرگہ تشکیل دیں جو علاقے کی ترقی اور مسائل و مشکلات کے حل کیلئے مشاورت بھی کرے اور مقامی انتظامیہ سے رابطہ رکھتے ہوئے علاقے میں ترقیاتی عمل کی نگرانی بھی کرے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے تیاری کا عمل جاری ہے اور اس کے علاوہ وہاں سے بلدیاتی انتخابات بھی کرائے جائیں گے جن میں ہر سب ڈویژن اور ایف آر کی سطح پر ایک ناظم کا انتخاب ہوگا جو اپنی کابینہ بنائے گا جبکہ 800 سے زیادہ ویلج کونسلز کے ناظمین بھی منتخب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 772369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش