0
Tuesday 22 Jan 2019 19:27

اسلام ’’تکریم انسانی‘‘ کا علمبردار دین ہے، راغب حسین نعیمی

اسلام ’’تکریم انسانی‘‘ کا علمبردار دین ہے، راغب حسین نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسلام ’’تکریم انسانی‘‘ کا علمبردار دین ہے، تمام شہریوں کو تعلیمی و تربیت، ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرنا فلاحی ریاست کی پہچان ہے، آئین پاکستان بلاتفریق تمام انسانوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے، معاشرے میں انصاف کی عدم فراہمی سے مسائل نے جنم لیا، اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نعیمیہ انٹیلیکچوئل فورم کے زیر اہتمام سرفراز نعیمی انسٹیٹیوٹ میں ’’اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق و فرائض اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے ڈاکٹر اختر حسین سندھو، پروفیسر کلیان سنگھ، بشپ منور مالشاء نے بھی خطاب کیا۔

علامہ راغب نعیمی نے مزید کہاکہ اسلام انسانی مساوات، اخوت اور ہمدردی کا مذہب ہے، اسلام کے اصولوں نے ہر مسلمان کو یہ سکھایا ہے کہ وہ بلا لحاظ رنگ و نسل اپنے پڑوسیوں اور اقلیتوں کی حفاظت کرے، مسلمانوں کو غیر مذاہب کے لوگوں کیلئے رواداری کا سلوک کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ آپ (ص) نے غیر مسلموں کیساتھ جو احسان و ہمدردی اور خوش اخلاقی کے معاملات کئے، ان کی دنیا میں نظیر ملنا مشکل ہے، تاریخ شاہد ہے کہ دین اسلام کے ماننے والوں نے ہمیشہ اقلیتوں کیساتھ اچھا سلوک کیا اور ان حقوق کا خیال بھی رکھا فاتح بن کر جب مسلمان کسی ملک میں داخل ہوئے تو انہوں نے نہ صرف ان لوگوں کی عبادتگاہوں کا خیال رکھا بلکہ ان کے گھروں اور ان کے جان ومال، عزت و آبرو اور ان کی زرعی زمینوں کے تحفظ کو بھی مقدم جانا۔
خبر کا کوڈ : 773581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش