0
Monday 28 Jan 2019 18:35

انتہاپسندی کیخلاف جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے، عثمان بزدار

انتہاپسندی کیخلاف جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ علمائے کرام نے ہمیشہ رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیا ہے، انتہاپسندی کیخلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ علمائے کرام نے ہمیشہ رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔ انتہا پسندی کیخلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے سنہری اصولوں، برداشت، امن، رواداری، بردباری اور بھائی چارے کو آگے لے کر چلنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ کا دھارا بدل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کی مشاورت سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کریں گے، علمائے کرام سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا، امن کمیٹیوں میں بھی مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بہت سی توقعات ہیں جس پر پورا اترنا ہوگا، نبی پاک (ص) کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ملک کو انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ علمائے کرام کو منبرومحراب سے معاشی و سماجی انصاف کی تعلیمات کو عام کرنا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساہیوال میں پیش آنیوالا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کیساتھ ہے، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، ذمہ داروں کیخلاف کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے گا اور انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ علمائے کرام امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ میں حکومت کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر آپ کی حکومت نے متاثرہ خاندان کیلئے انصاف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعہ پر آپ کی حکومت نے متاثرہ خاندان کی بروقت دلجوئی کی۔
خبر کا کوڈ : 774765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش