0
Wednesday 8 Jul 2009 10:47

حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی،سول اور فوجی قیادت میں اتفاق

حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی،سول اور فوجی قیادت میں اتفاق
اسلام آباد :وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے منگل کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے پھر ملاقات کی۔جبکہ چیئرمین جوائنٹ اسٹاف کمیٹی طارق مجید کی بھی صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ پانچ دنوں میں ”ٹرائیکا“ کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی جس میں سلامتی کی صورت حال،شدت پسندوں کے خلاف آپریشن اور دیگر قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی۔ صدر اور وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کو جدید تقاضوں کے مطابق نئی ٹیکنالوجی سے لیس کرے گی۔ سول اور فوجی قیادت میں اس بات پر اتفاق تھا کہ حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر و زیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں سوات اور ملاکنڈ میں بے گھر افراد کی واپسی کے روڈمیپ کی منظوری دے دی گئی۔یہ روڈمیپ فوج نے تیار کیا ہے۔ فوج کا اسپیشل سپورٹ گروپ آئی ڈی پیز کی واپسی کے روڈ میپ کا جلد اعلان کرے گا۔ متاثرین کی واپسی فوج کی نگرانی میں ہو گی اور فوج علاقے میں موجود رہے گی۔ آرمی چیف نے آپریشن کے دوران ہلاک اور گرفتار کئے جانے والے عسکریت پسندوں کے بارے میں بریف کیا۔آن لائن کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ صدر اور وزیراعظم نے آپریشن راہِ راست کے نتائج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں فوج نے کلیدی کردار ادا کیا اور قوم شہید فوجی افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فوج پاکستانی معاشرے کو بچانے اور ملکی بقاء و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت فوج کی بہتری اور شہداء کے خاندانوں کا مکمل خیال رکھے گی۔
  
خبر کا کوڈ : 7767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش