0
Thursday 2 Jul 2009 16:04

شدت پسندوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا،سیاسی عسکری قیادت

شدت پسندوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا،سیاسی عسکری قیادت
اسلام آباد:صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ہونیوالے اعلی سطحی اجلاس میں متاثرین مالاکنڈ کی بحفاظت واپسی کے جامع منصوبے کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے تحت پاک فوج متاثرین کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کا فریضہ بھی سر انجام دئے گی ۔ ایوان صدر میں ہونیوالے اعلی سطحی کے اجلاس میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی جبکہ اس سے قبل پاک فوج کے سربراہ نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم سے الگ، الگ ملاقاتیں بھی کی ۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر زرداری کے ساتھ ملاقات میں علاقائی صورتحال ، مالاکنڈ اور وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جاری جنگ اور متاثرین کی مدد اور بحالی کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ صدر نے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کیخلاف جنگ اسی وقت ختم ہو گی جب جنگجوں کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ حکومت شدت پسندوں کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ان کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ،یہ لوگ پورے پاکستانی معاشرے اور ملک کیلئے خطرہ تھے جو اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی اصل روح اور تشخص کو مسخ کر رہے ہیں ایسے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ۔ صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی اب توجہ متاثرین کی بحفاظت اور وقار کے ساتھ واپسی پر مرکوز ہے اور ہم ان کو پہلے سے بہتر معیار زندگی دینگے ۔ آصف زرداری نے شدت پسندوں کیخلاف جاری سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے اب تک کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے صدر کو اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں اور شدت پسندوں کیخلاف جاری آپریشن میں ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بدھ کے روز وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے ، ترجمان وزیر اعظم ہائوس کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو فرانس ، جرمنی اور روس کے اپنے حالیہ دوروں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سوات اور مالاکنڈ میں جاری آپریشن راہ راست کے نتائج، وزیرستان میں جاری کارروائی ، متاثرین کی واپسی، بحالی اور تعمیر نو کے مجوزہ منصوبے سمیت پاک فوج کی پیشہ ورانہ ترقی اور تربیتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے آپریشن ''راہ راست'' کے اب تک کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں حکومت اور پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کسی کو بھی ریاست کی عمل داری چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گی ، دہشت گرد ہتھیار ڈال دیں تو بہتر ہے ورنہ ان کے خلاف عسکری کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ، قومی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ آپریشن راہ راست حتمی مراحل میں ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا آپریشن میں اب تک 17سو سے زائد عسکریت پسند ہلاک جبکہ غیر ملکیوں سمیت 80سے زائد دہشت گرد گرفتار ہو چکے ہیں ، ذرائع کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ اب سیکورٹی فورسز علاقے کو محفوظ بنا رہی ہیں تاکہ متاثرین کی حفاظت کے ساتھ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 7519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش