0
Saturday 2 Mar 2019 13:23

جماعت اسلامی کا رابطہ عوام کے بجائے تحفظ پاکستان مہم چلانے کا فیصلہ

جماعت اسلامی کا رابطہ عوام کے بجائے تحفظ پاکستان مہم چلانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے 31 مارچ تک جو رابطہ عوام مہم چلا رہی ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں ہم یہ مہم تحفظ پاکستان مہم کی صورت میں چلائیں گے۔ جمعہ اور اتوار کو اسی مناسبت سے سرگرمیاں پورے ملک میں چلائیں گے، ملتان، کراچی، لاہور اور پشاور میں تحفظ پاکستان مارچ منعقد کیے جائیں گے، پورے ملک میں عوام کو ہر سطح پر متحد اور متحرک کریں گے۔ تمام اضلاع کی سطح پر سیاسی، دینی، سماجی اور تجارتی سطح کے مشترکہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے بھارت کے دو طیارے مار گرانے پر پاک فوج اور پاکستان ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلہ کے لیے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے، بھارت کی ہر شاطرانہ چال کے مقابلہ میں عوام، حکومت اور افواج یک جان دو قالب ہیں، بھارتی سفارتی جنگی جارحیت کا بر وقت جواب ہی پوری قوم کا حوصلہ بڑھائے گا، بھارتی پائلٹ کی رہائی کا فیصلہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر کرنا چاہئے تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے زیراہتمام لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کی۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں اظہر اقبال حسن، وقاص انجم جعفری، صوبائی سیکرٹری جنرل راؤ محمد ظفر، سابق امیر صوبہ جنوبی پنجاب شیخ عثمان فاروق، چودھری اصغر علی گجر، سید ذیشان اختر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں پر ظلم، جبر کی انتہا کر دی، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی اور حق خودارادیت کا حق مل جائے، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب اور او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی کے موقف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ بھارت انسانوں کا قاتل، انسانی حقوق کی پامالی کا درندہ اور جنگی مجرم ہے، عالم عرب ہندوستان کے متعلق نرم رویہ ترک کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کی کونسلوں کے اجلاس میں تمام دینی جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ قومی سلامتی، بھارتی جارحیت کے خلاف ہراول دستہ کا کردار ادا کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 780903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش