0
Wednesday 6 Mar 2019 13:28

ہائیکورٹ پی ایس ڈی پی کے 25 سال کے ترقیاتی پروگرامز کی جوڈیشل انکوائری کیلئے کمیشن قائم کرے، جام کمال

ہائیکورٹ پی ایس ڈی پی کے 25 سال کے ترقیاتی پروگرامز کی جوڈیشل انکوائری کیلئے کمیشن قائم کرے، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے وزیراعلٰی جام کمال خان علیانی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو صوبے کے پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے 25 سال کی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کرنا چاہیئے تاکہ ناقص منصوبہ بندی اور غیر قانونی عمل کرنے والوں کو سزا دی جا سکے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان ہائیکورٹ کے صوبائی پی ایس ڈی پی برائے 2018-19 کے حوالے سے احکامات پر عمل کرے گی۔ واضح رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے ازخود نوٹس میں حکومت کو تعلیم، صحت، پانی، نکاسی آب اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں موجودہ ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے احکامات دیئے تھے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ کابینہ نے عدالتی احکامات کی تائید کی اور امید کا اظہار کیا کہ عدالت صوبائی حکومت کا عوام کی بہبود کے لئے کام کرنے میں مزید معاونت فراہم کرے گی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات پر ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، صاف پانی اور قانون کے نفاذ کے شعبے پر جاری اسکیموں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ عدالت نے طویل عرصے سے تعطل کا شکار ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 411 ڈیویلپمنٹ اسکیموں پر کام طویل عرصے سے تاخیر کا شکار ہے، ان میں سے چند 10 سال سے بھی پرانی ہیں اور ان منصوبوں کی مجموعی لاگت تقریباً 37 ارب سے 42 ارب روپے ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 781705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش