0
Sunday 10 Mar 2019 14:23

اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ سندھ حکومت اور پولیس کی نااہلی ہے، برجیس احمد

اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ سندھ حکومت اور پولیس کی نااہلی ہے، برجیس احمد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت اور پولیس کی نااہلی اور ناکامی ہے۔ اپنے ایک بیان میں برجیس احمد نے کہا کہ کراچی شہر میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خواتین کے پرس و زیورات اور شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی وارداتیں روزانہ ہو رہی ہیں اور پولیس ان کے روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد ہو رہا ہے اور اس کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ضروری ہے کہ اس قسم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

برجیس احمد نے کہا کہ ماضی میں شہر میں امن و امان کی بدترین صورتحال کی نسبت گزشتہ دنوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باعث حالات میں کچھ بہتری پیدا ہوئی تھی، مگر جرائم پیشہ عناصر اور گروہ ایک بار پھر چھینا جھپٹی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کر رہے ہیں، جس سے عام شہری اور کاروباری طبقہ بھی پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس کی نااہلی ہے کہ جرائم پیشہ افراد اگر پکڑے جاتے ہیں، تو کیس اتنے کمزور بنائے جاتے ہیں کہ ملزم سزا سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کریں اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف فوری عملی اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 782445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش