0
Saturday 11 Jun 2011 09:43

دنیا کو بین المذاہبی مکالمے کی دعوت دینے والے قرآن پاک نذر آتش کر رہے ہیں، سید منور حسن

دنیا کو بین المذاہبی مکالمے کی دعوت دینے والے قرآن پاک نذر آتش کر رہے ہیں، سید منور حسن
کراچی:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ دنیا کو بین المذاہبی مکالمے کی دعوت دینے والے قرآن پاک نذر آتش کر رہے ہیں، حضور نبی کریم ص کی ذات اور قرآن ہی اپنے اندر کشش اور جذابیت رکھتا ہے، قرآن کے اندر ہی یہ تاثیر ہے کہ وہ دل و دماغ کی دنیا میں انقلاب برپا کرتا ہے، مغرب اسی لئے حضور نبی کریم ص اور قرآن کے خلاف مغرب منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ قرآن کا دامن تھام کر ہی ہم اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے ذیلی شعبے مدینۃ القرآن کے زیراہتمام ادارہ نور حق میں قرآن مجید کے نادر و نایاب و پرانے نسخوں پر مشتمل سہ روزہ قرآنی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی، جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر حافظ نعیم الرحمن، مدینتہ القرآن کے انچارج سید سلام الدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد، سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو، سیکریٹری راشد نسیم، کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ قرآنی نمائش میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں دنیا کی 60 زبانوں جن میں دنیا کی قدیم ترین زبان عبرانی بھی شامل ہے، کا ترجمہ بھی رکھا گیا ہے۔ اس قرآنی نمائش میں 100 سے زائد اقسام کے نسخے رکھے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ اگر ہم قرآن کو اپنا رہبر بنائیں اور اپنے سارے معاملات اور ترجیحات اسی کے مطابق استوار کریں تو ہمارے مسائل ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مغربی تہذیب کے علمبردار خود کو مہذب باور کراتے ہیں، اس کے باوجود کبھی حضور نبی کریم ص کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے اور کبھی قرآن پاک نذر آتش کئے جاتے ہیں اور اس پر مقدمہ چلانے کی بات کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ یہ سب کچھ وہ لوگ کر رہے ہیں جو خود دنیا کو بین المذاہبی مکالمے کی دعوت دے رہے ہیں اور تمام مذاہب کو ملا کر ایک مذہب بنانے کی بات کرتے ہیں، پھر کیا وجہ ہے کہ یہی لوگ قرآن بھی جلانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے معاشرے میں کہیں بھی اسلامی حکومت نہیں جو نمونہ ہو، صرف حضور نبی کریم ص کی ذات اور قرآن ہی اپنے اندر کشش اور جذابیت رکھتا ہے، قرآن کے اندر ہی یہ تاثیر ہے کہ وہ دل و دماغ کی دنیا میں انقلاب برپا کرتا ہے۔ عباس علی عبداللہی نے کہا کہ قرآن اللہ کی آخری کتاب ہے، اس کے بغیر مسلمانوں کی زندگی بے مقصد ہے، استعماری طاقتیں مسلمانوں پر اپنی ثقافت مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، ایسے میں قرآنی ثقافت کا فروغ قابل قدر ہے۔
خبر کا کوڈ : 78097
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش