0
Sunday 12 Jun 2011 16:03

پوری قوت سے دہشتگردوں کا سر کچلنا ہو گا، سرفراز نعیمی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری افسوسناک ہے، شہباز شریف

پوری قوت سے دہشتگردوں کا سر کچلنا ہو گا، سرفراز نعیمی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری افسوسناک ہے، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو امن اور اسلام کا گہوارا بنانے کے لیے پوری قوت کے ساتھ دہشت گردوں کا سر کچلنا ہو گا۔ جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی دوسری برسی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کئے بغیر دہشت گردی سے نجات نہیں مل سکتی، پاکستان کو بچانے کے لئے علماء آگے آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اغیار کی امداد سے قومی غیرت خاک میں مل گئی، ہر سو دہشت گردی کی آگ پھیل گئی اور فضائیں محکوم ہو گئیں، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوامی جذبات کے برعکس خارجہ پالیسی کامیاب نہیں ہو سکتی، جب عوام اور فوج کی سوچ ہم آہنگ ہو جائے گی تو کسی کو پارلیمنٹ کی قرار داد بے توقیر کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔
وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں ڈالروں کے مزے لوٹنے والے قربانیاں دینے کے لئے تیار ہو جائیں۔ مٹھی بھر اشرافیہ کو قوم کے مستقبل سے کھیلنا بند کرنا پڑے گا۔ لاہور میں معروف مذہبی سکالر سرفراز نعیمی شہید کی دوسری برسی کے موقعے پر شہید پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملکی نظام کو اشرافیہ کے چنگل سے نجات دلانے کا وقت آ گیا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور نظام عدل کے بغیر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے دہشت گردی کو کمزور نہیں بلکہ مزید بھڑکا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اغیار کی امداد سے توبہ کر لی ہے، چند ٹکروں کے عوض پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کا سودا نہیں کیا جا سکتا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا سرفراز نعیمی کے قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا افسوسناک ہے۔ قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر بیگناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہری مارے گئے۔ وزیراعلٰی نے علماء سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و یگانیت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتی، خارجہ پالیسی کو عوامی امنگوں کے مطابق بنایا جائے۔

خبر کا کوڈ : 78371
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش