0
Tuesday 19 Mar 2019 13:14

پختون قوم پرست جماعتوں کا نیا اتحاد قائم

پختون قوم پرست جماعتوں کا نیا اتحاد قائم
اسلام ٹائمز۔ پانچ پختون قوم پرست جماعتوں نے "پختونخوا جمہوری اتحاد" کے نام سے نئے پلیٹ فارم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر پختونوں کو درپیش مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کریں گی۔ اس سلسلے میں وطن کور پشاور میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد قومی وطن پارٹی کے سکندر حیات خان شیرپاؤ، مزدور کسان پارٹی کے افضل خاموش، نیشنل پارٹی کے مختیار باچہ، پختونخوا اولسی تحریک کے اجمل آفریدی اور عوامی ورکرز پارٹی کے صاحبزادہ حیدر زمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے اتحاد میں مزید وسعت کیلئے دیگر قوم پرست جماعتوں کے ساتھ رابطے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ریاستی کا خاتمہ، سماجی، فلاحی، جمہوری اور رضاکارانہ وفاق کے قیام کیلئے نئے عمرانی معاہدے کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ سکندر شیرپاؤ نے پختونخوا جمہوری اتحاد کے 9 نکاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اتحاد تاریخی، سماجی، ثقافتی اور لسانی بنیادوں پر صوبوں کی از سر نوتشکیل کا مطالبہ کرتی ہے، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جامع اور شفاف اقدامات، قوموں، قبیلوں اور افراد کی جانی و مالی نقصانات کا ازالہ اور اس کی بحالی کیلئے شفاف طریقہ کار پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے عمل کو آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ کیو ڈبلیو پی رہنما نے کہا کہ پختونخوا جمہوری اتحاد افغانستان میں قیام امن کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کی حمایت کے ساتھ ساتھ افغانستان و سنٹرل ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے ایک مثبت اور واضح پالیسی کے حق میں ہے۔ پختونخوا کیلئے ایک مکمل معاشی پیکج کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے صوبے کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ اور پختونوں کی احساس محرومی کم ہونے میں مدد ملے گی۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ اتحاد کے پلیٹ فارم سے مزدوروں، کسانوں، خواتین، طلبا کے حقوق اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کی جائے گی اور پختونخوا کی تمام ثقافتوں اور زبانوں کی ترویج و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 784140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش