0
Monday 1 Apr 2019 18:09

وفاق المدارس الشیعہ نے علما و ذاکرین کے درمیان طے پانیوالے ضابطہ اخلاق کی حمایت کر دی

وفاق المدارس الشیعہ نے علما و ذاکرین کے درمیان طے پانیوالے ضابطہ اخلاق کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت اجلاس میں اسٹیج حسینی پر غیر ذمہ دار مقررین کی طرف سے عقائد تشیع کیخلاف بیان بازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 16 جنوری 2019ء کو علما و ذاکرین کے درمیان طے پانیوالے ضابطہ اخلاق کی حمایت کی گئی ہے اور واضح کیا گیا کہ قرآن و حدیث اور سیرتِ آئمہ ؑسے متصادم من گھڑت عقائد کا مکتب اہل بیت سے کوئی تعلق نہیں۔ جامعتہ المنتظر لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں عقائد تشیع اور سٹیج حسینی کے تحفظ کیلئے عرصہ دو سال سے جاری بشارت عظمیٰ کانفرنسوں کے اثرات اور نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبہ پنجاب میں مزید ایسی کانفرنسیں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں علما و ذاکرین کو بھی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عقائد تشیع کے حوالے سے آئمہ جمعہ و جماعت کانفرنسوں کے بھی اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں، جبکہ خطبات جمعہ کا آیات اور روایات پر مشتمل مواد وٹس ایپ کے ذریعے آئمہ جمعہ کو باقاعدگی کیساتھ بھیجا جا رہا ہے۔ ذاکرین سے روابط بڑھانے اور جامعہ المنتظر لاہور، جامعہ الکوثر اسلام آباد اور علامہ ساجد علی نقوی کی طرف سے 2،2 اراکین پر مشتمل کمیٹی کو بھی سراہا گیا اور زور دیا گیا کہ 16 جنوری 2019ء کو پنڈی بھٹیاں میں علماء و ذاکرین کی طرف سے طے کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق اسٹیج پر ہونیوالی خرافات کو روکنے اور مومنین کو مجالس میں صحیح مواد فراہم کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق بہترین دستاویز ہے، اس پر چند افراد کی طرف سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کو امام بارگاہوں میں آویزاں کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وفاق المدارس الشیعہ کے اجلاس میں زور دیا گیا کہ علمائے کرام سٹیج حسینی پر عقائد شیعہ کے حوالے سے بیان پر زیادہ توجہ دیں اور اصلاحی کمیٹی کام جاری رکھے۔
خبر کا کوڈ : 786332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش