0
Thursday 4 Apr 2019 12:50

مواصلاتی نظام آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، مسعود خان

مواصلاتی نظام آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے پاک فوج کی سپیشل کمیونکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کی گزشتہ چالیس سال کے دوران آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مواصلاتی نظام کی ترقی میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او ٹیلی کام کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے والی ریاست کی جامعات کے ساتھ اپنے روابط کار کو بڑھائے تاکہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر مواصلاتی نظام کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے ایس سی او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان سے ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او نے گزشتہ چار دہائیوں میں آزادکشمیر کے عوام کو ٹیلی مواصلات ضروریات کی فراہمی اور دفاعی نظام میں ٹیلی مواصلات ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جو کردار ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ صدر آزادکشمیر نے ایس سی او کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ ہمقدم ہو کر چلیں اور مستقبل میں نئی ٹیکنالوجیز کی تعلیم سے آراستہ افرادی قوت مقامی سطح پر حاصل کرنے کے لیے آزادکشمیر کے سرکاری شعبے میں قائم جامعات کے ساتھ اپنے روابط کار بڑھائیں۔

انہوں نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ ضلع حویلی اور وادی نیلم میں لینڈ لائن ٹیلی فون اور موبائل فون سروس کی ترجیح بنیاد پر فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موثر مواصلاتی نظام سے بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثرہ آبادی کی بروقت مدد اور اُن کے مسائل کے حل میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اپنے مواصلاتی نظام میں بہتری لا کر آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں میں ٹیلی میڈیسن، ٹیلی ہیلتھ اور فاصلاتی تعلیم کے شعبہ میں حکومت آزادکشمیر کی مدد کرے تاکہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگوں کو صحت اورتعلیم کی بنیادی سہولتیں اُن کے گھر کی دہلیز پر مہیا کی جا سکیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت آزادکشمیر کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مظفرآباد کی جہلم ویلی صاف ستھری فضا اور دیگر قدرتی عوامل کے باعث سلیکون ویلی بننے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، بہتر مواصلاتی نظام آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 786834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش