0
Saturday 13 Apr 2019 09:08

کراچی، لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کا احتجاج

کراچی، لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاج میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، پاسبان عزا پاکستان، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی، تحفظ عزاداری کونسل اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کئے۔ اس موقع پر متاثرہ خانوادوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے، تو آرٹیکل 10 کے مطابق عدالتوں میں پیش کرکے جرم ثابت کیا جائے، کیا یہ "ریاست غائبستان" ہے کہ جس کو جب چاہو، ماورائے آئین و ماورائے عدالت اغوا کرکے کئی سالوں تک غائب کر دو۔ متاثرہ فیملیز نے بتایا کہ حالیہ شیعہ جبری گمشدگیوں اور شیعہ گرفتاریاں کرکے پاک کالونی اور رضویہ تھانے کے ایس ایچ او نے شدید تشدد کرنے پر یاعلیؑ مدد پکارنے پر مغلظات بکیں، تشدد کیا اور کہا کہ بلاؤ اپنے مولا علیٰ کو مدد کیلئے، ہم دیکھتے ہیں کہ وہ تمہیں کیسے بچاتے ہیں، لہٰذا ہم فوری طور پر پاک کالونی اور رضویہ تھانے کے ایس ایچ اوز کو توہین اہلبیتؑ کرنے اور شیعہ جوانوں پر جھوٹے مقدمات بنا کر رشوت لینے پر فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وائس آف شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنما راشد رضوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بہت صبر کرلیا، بہت خیرسگالیاں دکھا دیں، لہٰذا ہم حکومت اور ریاستی اداروں کو ایکبار پھر ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ اگر 10 رمضان تک شیعہ جبری گمشدگی کے شکار تمام عزادار رہا نہیں کئے گئے، تو 21 رمضان یوم علیٰ کے کراچی مرکزی جلوس میں خانوادہ اسیران ملت جعفریہ دھرنا دے کر جلوس روک دیں گے۔ شیعہ رہنما حسن رضا سہیل، رحیم جعفری، خالد راؤ نے کہا کہ کوئٹہ میں رمضان مینگل جیسے دہشتگرد کو رہا کر دیا، جو کہ خود شیعہ مسلمانوں کی سینچری مارنے کا اقرار کر چکا ہے، اس کی کی رہائی کا نتیجہ سامنے آگیا، دہشتگرد رمضان مینگل گروپ نے کوئٹہ میں دھماکہ کرکے درجنوں شیعہ ہزارہ کو ایکبار پھر خون میں نہلا دیا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ رمضان مینگل جیسے دہشتگرد کو حکومت اور ریاستی اداروں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، جس کی وجہ سے ہم یہ نتیجہ نکالنے میں حق بجانب ہیں کہ ملک میں جاری شیعہ نسل کشی اور شیعہ جبری گمشدگیوں کے پیچھے ریاست چلانے والے حکمرانوں کا مکمل ہاتھ ہے، جو کہ سعودی حکمرانوں کے غلام بنے ہوئے ہیں اور سعودی خیرات کے عوض پاکستان کے شیعوں پر عرصہ حیات تنگ کر رے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو دوسرا بحرین نہیں بننے دیں گے، کسی بھی صورت ملت جعفریہ ظلم و ناانصافی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو مفاد پرست بکاؤ درباری افراد ظالم حکمرانوں کی گود میں بیٹھے ہیں، وہ بھی برابر کے مجرم ہیں، جنہیں قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 788360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش