0
Thursday 18 Apr 2019 19:31

محکمہ تعلیم پختونخوا کے ڈائریکٹر نے اپنے بیٹے کو سرکاری اسکول میں داخل کروا دیا

محکمہ تعلیم پختونخوا کے ڈائریکٹر نے اپنے بیٹے کو سرکاری اسکول میں داخل کروا دیا
اسلام ٹائمز۔ والدین کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بڑھانے کیلئے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر نے اپنے بیٹے کو سرکاری اسکول میں داخل کروا دیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ ابراہیم نے اپنے بیٹے محمد طلحہ کو دیر کے علاقے ثمر باغ کے ایک نجی اسکول میں پانچویں کلاس میں پاس ہونے کے بعد ہائی اسکول دامتل دیر میں داخل کرا دیا۔ حافظ ابراہیم کا بیٹا محمد طلحہ والد کے اس فیصلے سے خوش ہے، کہتا ہے کہ انہیں سرکاری اسکول اور نظام پر پورا اعتماد ہے۔ ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم حافظ محمد ابراہیم نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کا نظام پہلے سے بہت بہتر ہوچکا ہے، نا صرف اسکولوں کا انفراسٹرکچر ٹھیک ہوا ہے بلکہ اساتذہ کی کمی پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ امیدواروں میں ہم نے 17 ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کئے ہیں۔

حافظ ابراہیم نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز، کھیل کے میدان اور اضافی کمروں سمیت دیگر بنیادی ضروریات پوری کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک وزراء، مشیر، ایم پی ایز اور ایم این ایز اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل نہیں کرائیں گے تب تک سرکاری اسکولوں پر عوام کا بھروسہ نہیں بڑھے گا، تمام سرکاری ملازمین کو اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش کی اپنی بیٹی بھی سرکاری اسکول میں پڑھ رہی ہے، اسی لئے انہوں نے کچھ عرصہ قبل محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کو اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 789368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش