0
Friday 26 Apr 2019 11:29

ضلع خیبر میں انصاف روزگار سکیم کا افتتاح

ضلع خیبر میں انصاف روزگار سکیم کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی "انصاف روزگار سکیم" کا ضلع خیبر میں باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں بینک آف خیبر کی برانچ میں شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ افتتاح کے موقع پر سیکرٹری محکمہ خزانہ شکیل قادر، ایم ڈی خیبر بنک سیف الاسلام، ضلعی انتظامیہ کے حکام اور قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان امیدواران کثیر تعداد میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس سکیم کے تحت بینک آف خیبر کے ذریعے صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کیلئے مرحلہ وار 2 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ تیمور سلیم نے کہا کہ فاٹا انضمام کے حقیقی مقصد کو حاصل کرنے اور وہاں کے عوام اور باالخصوص نوجوان طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت وزیراعظم عمران خان کے قبائلی اضلاع کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے تاکہ وہاں کے عوام کی سالہا سال کی محرومیوں کا ہرممکن خاتمہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کا صوبے میں انضمام حکومت کیلئے ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور یہاں کے عوام کیلئے خوشی کا باعث بھی ہے کیونکہ اب ان پر ترقی و خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں کہ صوبائی سطح پر بھی قبائلی اضلاع کے لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا جو ان کے مسائل کے حل کیلئے قانون ساز ایوانوں میں بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کہ کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو برؤکار لانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے دیگر اضلاع کی نسبت قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے عملی طور پر اقدامات کررہی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع حکمت عملی کے تحت آئندہ دس سالوں کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے جس میں نہ صرف وہاں کے لوگوں کی رائے کو مدنظر رکھا گیا ہے بلکہ ان کی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے فیتہ کاٹ کر ضلع خیبر میں"انصاف روزگار سکیم" کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس موقع پر قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں میں قرضہ فارم بھی تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 790758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش